پنجاب حکومت کا نوویں جماعت کی دو طالبات کو 6، چھ لاکھ روپے اور لیپ ٹاپ کا تحفہ

  • August 23, 2016 8:36 pm PST
taleemizavia single page

لاہور

وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے نوویں امتحان میں تاریخ میں پہلی بار ریکارڈ نمبر لینے والی ملتان بورڈ کی ماہ زیب نسیم اور گجرانوالہ بورڈ کی نورین کوثر کے اعزاز میں تقریب کا انعقادکیا گیا۔

واضع رہے دونوں طالبات نے تاریخ میں پہلی بار بورڈ کے نوویں کے امتحان میں 505 میں سے 504 نمبرز حاصل کیے ہیں۔

تقریب کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب نے دونوں طالبات کو ایک ،ایک لاکھ روپے نقد انعامات اور لیپ ٹاپ دیے، اکاؤنٹ میں پانچ پانچ لاکھ روپے جمع کرانے کا بھی اعلان کیا گیا۔ بہترین تعلیمی کارکردگی پر دونوں جماعت کی طالبات کے اساتذہ کو بھی پچاس پچاس ہزار روپے انعام دیا گیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے اعلان کیا کہ دونوں طالبات کے تعلیمی اخراجات حکومت برداشت کرے گی۔

وزیر اعلیٰ نے کبیر والا سے تعلق رکھنے والی طالبہ ماہ زیب نسیم کے بیماروالد کے مفت علاج معالجے کا بھی اعلان کیا۔

ماڈل ٹاؤن لاہور میں منعقدہ اس تقریب میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک کی تاریخ کا انوکھااورمنفرد پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈقائم کیاگیا ہے۔

بیس ارب روپے کے اس تاریخی فنڈ کی آمدن سے صوبے کے انتہائی کم وسیلہ طبقات کے ایک لاکھ سے زائدہونہاربچے اوربچیاں تعلیم حاصل کررہے ہیں اوراس سال کے آخرتک ان کی تعداد 2لاکھ سے بڑھ جائے گی۔

حکومت پنجاب کے اس انقلابی تعلیم فنڈز سے کم وسیلہ خاندانوں کے ذہین بچے اوربچیاں تعلیم حاصل کر کے ڈاکٹرز،انجینئرز،بینکرز،پروفیسرزبن کرملک وقوم کی خدمت کررہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں سوفیصد میرٹ کو رائج کیاگیا ہے،امتحانی نظام کو شفاف بنایا گیا ہے اوریہی وجہ ہے کہ ماہ زیب نسیم اورنورین کوثرجیسے نگینے سامنے آرہے ہیں۔

میاں محمد شبہاز شریف نے کہا کہ نجی اداروں میں ایک ڈاکٹر بننے پر 30سے 40لاکھ روپے لگتے ہیں اسی طرح حکومت بھی سرکاری اداروں میں ڈاکٹروں کی تعلیم پرغریب قوم کے اربوں روپے صرف کررہی ہے۔

اس لئے اگر کوئی قوم کی بیٹی ڈاکٹر بن کرگھر بیٹھ جائے اوردکھی انسانیت کی خدمت کیلئے میدان عمل میں نہ آئے تو یہ کسی طورپر مناسب نہیں۔

کیونکہ ان کی تعلیم پرخرچ ہونے والا پیسہ کسی سونے کی کان سے نہیں ملا بلکہ یہ اسی قوم کی محنت کی کمائی کا پیسہ ہے اور تعلیم کیلئے کی جانے والی سرمایہ کاری کے ثمرات قوم کو واپس ملنے چاہئیں۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خالد بن ولید گرلز ہائی سکول کبیر والاکی ماہ زیب نسیم کی والد نے اپنی بیماری کے باوجود اپنی بیٹی کو تعلیم دلوائی ہے پنجاب حکومت ان کے علاج کے اخراجات برداشت کرے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *