وزیر اعلیٰ پنجاب کا آئی ٹی یونیورسٹی کیلئے 50 کروڑ روپے اینڈومنٹ فنڈ کا اعلان
- October 1, 2016 10:54 pm PST
لاہور
انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر ڈاکٹر عمر سیف نے کہا ہے کہ مستقبل میں اس یونیورسٹی کا شمار تحقیق و تدریس کے حوالے سے دُنیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں ہوگا۔
یہ بات اُنہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی یونیورسٹی کے دورے کے موقع پر کہی۔
ڈاکٹر عمر سیف نے وزیر اعلیٰ کو یونیورسٹی میں جاری ریسرچ پراجیکٹ اور طلباء سے متعلق بریفنگ دی۔
ڈاکٹر عمر سیف نے وزیر اعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ یونیورسٹی میں داخل 80 فیصد طلباء کو وظائف دیے جارہے ہیں جن میں سے 219 طلباء کا تعلق انتہائی غریب گھرانوں سے ہے۔ اُنہوں نے بتایا کہ عالمی شہرت یافتہ یونیورسٹیوں کے گریجویٹس کو بطور اُستاد یونیورسٹی تعینات کیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ کو بریفنگ کے دوران ڈاکٹر عمر سیف نے بتایا کہ اس وقت الیکٹریکل انجینئرنگ اور کمپیوٹر سائنس میں 780طلبا وطالبات زیر تعلیم ہیں۔ یونیورسٹی عالمی بینک ،یو ایس ایڈ،برطانوی ادارے ڈیفڈ کے ساتھ مل کر منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے آئی ٹی یونیورسٹی کے طلباء کے لیے 50 کروڑ روپے کے اینڈومنٹ فنڈز کا بھی اعلان کیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کو آئی ٹی یونیورسٹی کے طلباء کے تیار کردہ پراجیکٹس بھی دکھائے گئے جس پر میاں محمد شہباز شریف بے حد خوش ہوئے۔
ڈاکٹر عمر سیف نے یونیورسٹی کے لیے تیس ارب روپے مالیت کی جگہ فراہم کرنے پر وزیر اعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔ اور بتایا کہ دو مہینے بعد نئے کیمپس کی تعمیر کا آغاز ہو جائے گا اور آئندہ سال نئے کیمپس میں کلاسز کا اجراء ہوگا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کے اس دورے کے موقع پر آئی ٹی یونیورسٹی کے رجسٹرار ظہیر سرور اور فیکلٹی ممبران بھی موجود تھے۔