سرکاری سکولوں کے ایک کروڑ بچوں کو مفت بستوں کی تقسیم

  • June 16, 2017 12:11 pm PST
taleemizavia single page

لاہور: عاصم قریشی

پنجاب حکومت کا یوٹرن، پہلے ٹیبلٹس دینے کا وعدہ اب سکول بیگز (بستے) دینے کا منصوبہ، وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے سرکاری سکولوں کے طلبا کو1 کروڑ 37 لاکھ مفت سکول بیگز دینے کی اُصولی منظوری دے دی۔

پنجاب حکومت کی جانب سے سرکاری سکول کے بچوں کو بھاری بھر کم بیگ سے چھٹکارہ دلانے کے لئے دو سال قبل ٹیبلٹس دینے کا منصوبہ شروع کیا گیا تھا لیکن چند ہزار بچوں کو ٹیبلٹس فراہم کرنے کے بعد منصوبہ سرد خانے میں پڑگیا۔

اب پنجاب حکومت کی جانب سے یوٹرن لیتے ہوئے سرکاری سکولوں کے 1 کروڑ 37 لاکھ طلباوطالبات کو سکول بیگز دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ جس کی اصولی منظوری وزیراعلی پنجاب کی جانب سے دی جاچکی ہے۔ منصوبے پرعملدرآمد کے لئے سکولز ایجوکیشن، پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ اور پی سی ٹی بی کو کام کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق سکول بیگز پر وزیر اعلیٰ پنجاب کی تصویراور پیغام درج کرنے کی تجویز بھی زیرغور ہے۔

بیگز کا ڈیزائن اور کوالٹی ایک جیسی ہو گی جبکہ فی بیگ کی لاگت 350 سے 400 روپے تک ہوگی۔ منصوبے کے لئے دو تجاویز زیرغور ہیں جس کے مطابق پہلے مرحلے میں پہلی، چھٹی اور آٹھویں جماعت کے بچوں کو بیگ دیئے جائیں گے۔ جس کے لئے 82 کروڑ کے فنڈز درکار ہیں جنہیں وزیر اعلیٰ پنجاب سے خصوصی سمری کے ذریعے منظور کرایا جائے گا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *