چیئرمین ایچ ای سی کیلئے گیارہ وائس چانسلرز بھی شارٹ لسٹ

  • April 17, 2018 12:59 pm PST
taleemizavia single page

اسلام آباد

چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے عہدے کے لیے 60 اُمیدواروں کو انٹرویوز کے لیے شارٹ لسٹ کر لیا گیا ہے۔ سرچ کمیٹی اُمیدواروں کے انٹرویوز کل اپریل سے لے گی یہ انٹرویوز 21 اپریل تک جاری رہیں گے۔

چیئرمین ایچ ای سی کے عہدے کے لیے 115 اُمیدواروں نے درخواستیں جمع کرائی تھی جبکہ 55 اُمیدواروں کو عہدے کے لیے نا اہل قرار دیا گیا ہے۔

چیئرمین ایچ ای سی پاکستان کے عہدے کیلئے پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین ڈاکٹر نظام الدین کو بھی شارٹ لسٹ کیا گیا ہے اور انہیں انٹرویو کے لیے کال لیٹر جاری کیا گیا ہے۔

چیئرمین کے لیے ملک بھر کی گیارہ یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کو بھی شارٹ لسٹ کر کے انٹرویوز لیٹر ارسال کیے گئے ہیں۔

سابق وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر مجاہد کامران، ریکٹر انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد ڈاکٹر معصوم یاسین زئی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر کامسیٹس ڈاکٹر ایس ایم جُنید زیدی، سابق وائس چانسلر ایگریکلچر یونیورسٹی فیصل آباد ڈاکٹر اقرار احمد خان، قائم مقام وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر زکریا ذاکر کا نام چیئرمین کے عہدے کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔

وائس چانسلر سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی ڈاکٹر محمد علی شیخ، سائنس فاونڈیشن کے صدر ڈاکٹر منظور حسین سومرو، وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر حسن امیر شاہ، وائس چانسلر یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا کو بھی انٹرویوز کیلئے کال لیٹرز جاری کیے گئے ہیں۔

سابق وائس چانسلر سرگودھا یونیورسٹی ڈاکٹر اکرم چوہدری، وائس چانسلر بہاو الدین زکریا یونیورسٹی ملتان ڈاکٹر طاہر امین کو بھی چیئرمین ایچ ای سی کے عہدے کے انٹرویو کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔

اُمیدواروں کے انٹرویوز لمز کے پرو ریکٹر سید بابر علی کی سربراہی میں قائم چھ رکنی کمیٹی کرے گی۔ اس کمیٹی کے دیگر ممبران میں سابق پارلیمنٹریرین شہناز وزیرعلی، ایجوکیشنسٹ فیصل باری، مرزا قمر بیگ، سابق وزیر ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور سیکرٹری وفاقی وزارت تعلیم شامل ہیں۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر مختار احمد کی مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد چیئرمین ایچ ای سی کا عہدہ 14 اپریل کو خالی ہوا ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *