بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی لاہور کیمپس بند کرنے کا فیصلہ
- December 1, 2016 10:06 pm PST
لاہور
بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی سب کیمپس لاہور کے طلباء کو ملتان کیمپس منتقل کرنے سے متعلق الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
رجسٹرار بی زیڈ یو ملتان کی جانب سے طلباء کے لیے جاری کیے گئے الرٹ کے مطابق انسٹی ٹیوٹ آف سوشل سائنسز ملتان کیمپس میں لاہور کے طلباء کے لیے خصوصی ڈیسک قائم کر دیا گیا ہے۔
بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے رجسٹرار کی جانب سے طلباء کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بائیس دسمبر تک اپنی رجسٹریشن کے لیے ایک ہزار روپے کا بنک ڈرافٹ جمع کرائیں۔ رجسٹریشن کرانے والے طلباء کو بی زیڈ یو ملتان میں جاری متعلقہ ڈگری کے سمیسٹر میں داخل کیا جائے گا۔
رجسٹرار کے مطابق بی زیڈ یو سب کیمپس لاہور کی فراہم کردہ نتائج کی کاپی کے مطابق طلباء کی رجسٹریشن کی جائے گی۔ نتائج کی یہ کاپی اکتیس اگست کے عدالتی حکم کے مطابق ملتان کیمپس میں جمع کرائی گئی ہے۔
عدالتی حکم کے مطابق بی زیڈ یو لاہور کیمپس کے ڈگری یافتہ طلباء کو بھی مین کیمپس میں بیس دسمبر تک رجسٹریشن کرانا ہوگی اور ان فارغ التحصیل طلباء کا سپیشل امتحان منعقد ہوگا جس کی تاریخ کا اعلان بائیس دسمبر کو کیا جائے گا۔
بی زیڈ یو رجسٹرار کے مطابق بی ایس ٹیکنالوجی اینڈ ڈی پی ٹی کے طلباء ہائر ایجوکیشن کمیشن اور محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب کی ہدایت پر لاہور کے مختلف تعلیمی اداروں میں شفٹ کر دیا جائے گا۔