پنجاب کے میڑک امتحان میں 24 لاکھ 32 ہزار اُمیدوار شرکت کرینگے
- February 26, 2018 9:58 pm PST

ملتان
پنجاب کے بورڈز آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے زیر اہتمام میڑک کے سالانہ امتحانات 2018ء کا آغاز یکم مارچ سے ہورہا ہے۔ ان امتحانات میں 24 لاکھ 32 ہزار اُمیدوار شرکت کر رہے ہیں۔
بورڈز کے چیئرمین کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق لاہور سے 4 لاکھ 98 ہزار چار طلباء نہم و دہم جماعت کا امتحان دیں گے۔ گوجرانوالہ بورڈ سے 4 لاکھ 69 ہزار 833 ، بہاولپور بورڈ سے ایک لاکھ 74 ہزار 251 امیدوار، ڈی جی خان بورڈسےایک لاکھ 57 ہزار221 اُمیدوار امتحان میں شرکت کریں گے۔
ملتان بورڈ سے 2 لاکھ 29 ہزار 881 طلباء، سرگودھا بورڈسے ایک لاکھ 82 ہزار 245 طلباءشرکت کریں گے۔ فیصل آباد بورڈ سے 3 لاکھ 31 ہزار 814 ، راولپنڈی بورڈ سے دو لاکھ 44 ہزار 712طلباء، ساہیوال بورڈ سے ایک لاکھ 44 ہزار 685 طلباء شرکت کریں گے۔
لاہور بورڈ کے تحت 812 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ لڑکیوں کیلئے373 ،لڑکوں کیلئے426 اورجیل میں 3سنٹرزقائم کیے گئے ہیں۔ بورڈ حکام کی جانب سے امتحانی مراکز کے ارد گرد دفعہ 144 کا نفاذ کرنے کے لیے پولیس حکام کو درخواستیں بھی جمع کرا دی گئی ہیں۔
دوسری جانب آج لاہور میں وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی کی زیر صدارت لاہور بورڈ میں چیئرمینز کا اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں صوبے بھر کے تعلیمی بورڈز سے چیئرمینز اور کنٹرولر امتحانات نے شرکت کی۔
وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے اعلان کیا کہ لاہور بورڈ میں کنٹرول سیل روم میں بنایا جائے گا اور پورے پنجاب کے امتحانات کی نگرانی اس سیل سے کی جائے گی۔ وزیر کا کہنا تھا کہ امتحانات کے لیے عملہ کی دستیابی کا کام مکمل کیا جا چکا ہے اور دیگر انتظامات بھی مکمل ہیں۔