انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی: گرلز ہاسٹل میں “بیڈ شیئرنگ” پر پاپندی عائد
- April 27, 2017 9:07 pm PST
اسلام آباد
انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد نے گرلز ہاسٹل میں بیڈ شیئرنگ پر پاپندی عائد کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے اور اس ضمن میں ہاسٹلز کے وارڈن کو سختی سے عمل درآمد کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔
یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے جاری کیے گئے اس نوٹیفکیشن کے متن کے مطابق گرلز ہاسٹل میں اگر کوئی طالبہ اپنی بہن، کزن یا دوست کے ساتھ ایک ہی بستر میں کمبل میں سونے اور بیڈ شیئر کرے گی تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور بھاری جرمانہ بھی عائد کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہاسٹل میں لڑکیوں کے کمرے میں ایک بیڈ کا دوسرے بیڈ سے فاصلہ کم ازکم دو فٹ ہونا چاہیے اور ہاسٹل کے سپریٹنڈنٹ اور وارڈنز اس حکم پر سختی سے عمل درآمد کرائیں۔
انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی نے اپنے نوٹیفکیشن میں اس فیصلے سے متعلق کسی بھی قسم کی وضاحت نہیں کی۔