بلوچستان بورڈ کی تاریخ میں پہلی بار میڑک میں طلباء کے ایک ہزار نمبرز
- June 11, 2017 9:12 pm PST
کوئٹہ: چیئرمین بلوچستان بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کوئٹہ پروفیسر ڈاکٹر سراج احمد کاکڑ، کنٹرولر امتحانات سید عباد اللہ شاہ غرشین، سیکرٹری بورڈ شوکت علی سرپرہ نے میڑک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔
بورڈ کی تاریخ میں پہلی بار صوبے کے نوجوان نے ایک ہزار سے زائد نمبرز حاصل کیے ہیں۔ ان امتحان میں کامیابی کا تناسب 79 فیصد رہا ہے جبکہ پہلی تینوں پوزیشنز بھی لڑکوں نے حاصل کیں۔
میڑک میں پہلی پوزیشن بی آر سی کالج لورالائی کے نجیب اللہ نے 1034 نمبرز حاصل کیے جب کہ دوسری پوزیشن ملٹری کالج سوئی کے محمد زین خان نے 1033 نمبر لے کر اور تیسری پوزیشن بی آر سی لورالائی کے احسان جان نے 1031 نمبرز حاصل کیے۔
بلوچستان بورڈ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سراج احمد کا کہنا ہے کہ پہلی 20 پوزیشنز میں بھی ایک ہزار سے زائد نمبر حاصل کرنے والے اُمیدوار موجود ہیں اور بورڈ نے انتہائی قلیل مدت میں صرف ایک ماہ بیس دن میں میڑک کا رزلٹ تیار کیا ہے۔
پوزیشن حاصل کرنے والے طالبعلم میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے ہیں۔ بورڈ کی تاریخ میں پہلی بار پہلی پوزیشن پر ایک لاکھ پچاس ہزار روپے، دوسری پوزیشن پر ایک لاکھ پچیس ہزار روپے جبکہ تیسری پوزیشن پر ایک لاکھ روپے نقد انعام دیا جائے گا یہ انعام بورڈ کی تقریب میں دیا جائے گا۔
پریس کانفرنس کے دوران چیئرمین بورڈ نے بتایا کہ امتحان کے دوران نقل کرنے، موبائل فون اور دیگر ذرائع سمیت اُمیدوار کی جگہ آؤٹ سائیڈر کی جانب سے امتحان دینے کے دوران 500 طالبعلموں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے اور ان کے رزلٹ روک کر کینسل کر دیے گئے ہیں۔
بلوچستان بورڈ کے تحت نہم جماعت کے امتحان میں 58 ہزار 414 اُمیدواروں نے امتحان دیا جس میں 40 ہزار 131 اُمیدوار کامیاب قرار پائے یوں کامیابی کا تناسب 79.06 فیصد رہا۔ دسویں جماعت میں 64 ہزار 958 اُمیدواروں نے امتحان دیا جن میں سے 57 ہزار 269 اُمیدوار کامیاب قرار پائے یوں میڑک میں کامیابی کا تناسب 88.16 فیصد رہا۔
بلوچستان بورڈ کی ویب سائٹ پر نتائج کی تفصیلات دیکھی جاسکتی ہیں۔