کتابیں سننا صحت کے لیے کیوں مفید ہے؟

  • August 26, 2018 12:09 pm PST
taleemizavia single page

بی بی سی

کیا آپ ورزش کرتے ہوئے ٹالسٹائی کو سنتے ہیں، یا پھر سفر کے دوران ہیمنگوے کو یا کچن میں کام کرتے ہوئے بورخیس کو؟ انسان ہزاروں برس سے کہانیاں سنتا اور سناتا چلا آیا ہے۔ لیکن اب ان آفاقی کہانیوں کو ٹیکنالوجی بدل رہی ہے۔ آج کل دنیا بھر

میں صوتی کتابیں (آڈیو بکس) سننے کا رواج بڑھ رہا ہے اور لوگ اس کے ذریعے سے کتاب کو نئے سرے سے دریافت کر رہے ہیں۔ کہانی سننے اور پڑھنے میں کوئی فرق نہیں ہے۔ مقصد تخلیق سے لطف لینا ہے، چاہے طریقہ کوئی بھی ہو۔ صوتی کتابیں سننے کے کیا فوائد ہیں؟ ذیل میں ایسے ہی 12 فوائد کا جائزہ پیش کیا جا رہا ہے۔

آپ دوسرے کام کرتے ہوئے صوتی کتابیں سن سکتے ہیں

آپ ورزش کرتے ہوئے، گاڑی چلاتے ہوئے یا باورچی خانے میں کھانے پکاتے ہوئے کتاب سن سکتے ہیں۔ ظاہر ہے کہ عام کتاب پڑھتے وقت یہ کام ممکن نہیں ہیں۔

یہ ’ہینڈز فری‘ ہوتی ہیں

بعض بزرگ ایسے ہوتے ہیں جن کے لیے اصل کتاب پڑھنا اور اس سے صفحے الٹنا مشکل ہوتا ہے۔ وہ بھی آڈیو بکس سے مستفید ہو سکتے ہیں۔

انھیں اچھے صداکار پڑھ کر سناتے ہیں

کوئی کہانی سننتے ہوئے اس کے سنانے والے کی شخصیت بھی شامل ہو جاتی ہے۔ بہت سی صوتی کتابوں کے صداکار عمدہ اداکار ہوتے ہیں جس کا مطلب ہے کہ وہ مختلف کرداروں کے لیے آواز بدل سکتے ہیں اور مکالمے ڈرامائی طریقے سے سنا سکتے ہیں۔ اس سے دلچسپی بڑھ جاتی ہے۔

طویل سفر اچھا کٹ جاتا ہے

طویل سفر خاصے بیزار کن ثابت ہو سکتے ہیں لیکن اگر اس دوران اچھی صوتی کتاب کا ساتھ ہو تو سفر خوش گوار بن جاتا ہے۔

یہ اچھی صحبت فراہم کرتی ہیں

جب آپ کسی دلچسپ کہانی کے تانے بانے میں کھوئے ہوں تو پھر کیسی بوریت؟

یہ آپ کو کسی اور دنیا میں لے جاتی ہیں

روزانہ ایک ہی راستے سے گزر کر دفتر جانا اکتا دینے والا کام ہے۔ لیکن اس دوران ایک اچھی صوتی کتاب آپ کی توجہ کسی اور دنیا میں لے جا سکتی ہے۔ گاڑی میں پھنس کر کیوں بیٹھے رہیں جب آپ کسی دلچسپ کہانی کے کسی کردار کے ساتھ وقت گزار سکتے ہیں؟

ان کی مدد سے بیزار کن کام بھی دلچسپ ہو جاتے ہیں

روزانہ اکتا دینے والے کاموں سے کوئی مفر نہیں ہے جو آپ کو ہر حال میں کرنے ہی ہوتے ہیں۔ تاہم برتن دھوتے وقت، صفائی ستھرائی کرتے وقت یا استری کرتے وقت آپ ہیڈ فونز پر کوئی صوتی کتاب چلا کر ان کاموں کو بھی دلچسپ بنا سکتے ہیں۔اس سے آپ کی استعداد میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔

جن لوگوں کے لیے پڑھنا مشکل ہے ان کی زندگی آسان

ڈسلیکسیا نامی بیماری کا شکار بچوں اور بڑوں کے لیے تحریر پڑھنا مشکل ہوتا ہے۔ لیکن صوتی کتابیں ان کی زندگی بدل سکتی ہیں اس کے علاوہ نابینا یا کمزور نظر والے لوگوں کے لیے بھی صوتی کتابیں نعمت سے کم نہیں۔ ایک تحقیق کے مطابق کہانیاں سننے سے فالج کے مریضوں کو افاقہ ہوتا ہے۔

دوسروں کے ساتھ مل کر کتاب سن سکتے ہیں

عام کتاب کو ایک وقت میں ایک ہی شخص پڑھ سکتا ہے، لیکن سپیکر پر صوتی کتابیں لگا کر متعدد افراد لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔ اس طرح کسی کتاب سے ملنے والا مزا دوبالا ہو جاتا ہے۔ بعد میں چاہیں تو یہ لوگ اس کتاب پر تبصرہ بھی کر سکتے ہیں۔

بے خوابی کا علاج

بہت سے لوگوں کے لیے صوتی کتابیں بےخوابی کا علاج ثابت ہوتی ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ صوتی کتابیں سنتے وقت آپ کی توجہ صرف ایک جانب رہتی ہے، جس سے نیند آنے میں آسانی ہوتی ہے۔

صوتی کتابیں ہمیں بچپن کے دور میں واپس لے جاتی ہیں

صوتی کتابیں سنتے وقت آپ اس زمانے میں پہنچ جاتے ہیں جب آپ کے بڑے آپ کو کہانیاں سنایا کرتے تھے۔

بہت سی صوتی کتابیں مفت ستیاب ہیں

انٹرنیٹ پر بہت سی ویب سائٹس پر مفت صوتی کتابیں دستیاب ہیں، جن میں اردو کتابوں کی صوتی لائبریری بھی شامل ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *