سندھ یونیورسٹی: ڈائریکٹر شعبہ انگریزی ڈاکٹر رفیق میمن پر فائرنگ
- December 3, 2017 12:49 pm PST
حیدر آباد: سندھ یونیورسٹی جامشورو کے ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف انگلش لینگوئج اینڈ لٹریچر ڈاکٹر رفیق میمن کی گاڑی کو موٹر سائیکل سواروں نے روک کر فائرنگ کر دی۔ جامشورو ایس ایس پی عرفان بہاد کے مطابق پروفیسر کی گاڑی پر تین فائر کیے گئے ہیں ، ونڈ سکرین، ڈیش بورڈ اور سپیڈو میٹر پر گولیوں کے نشان ہیں۔
موٹر سائیکل سواروں نے ہیلمنٹ پہن رکھے تھے جس کی وجہ سے اُن کی شناخت میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ سندھ یونیورسٹی جامشورو کے شعبہ انگریزی میں چند روز قبل ہراسگی کا کیس سامنے آیا تھا جس میں تین اساتذہ کے ملوث ہونے کا الزام ہے تاہم ان اساتذہ میں ڈاکٹر رفیق میمن شامل نہیں ہیں۔
پروفیسر ڈاکٹر رفیق میمن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ ہفتہ کے روز ٹھٹھہ میں یونیورسٹی کے لاڑ کیمپس میں کلاس پڑھانے کے لیے جارہے تھے کہ دو موٹر سائیکل سواروں نے ان کا پیچھا کرنا شروع کیا اور جب اُن کے اسرار پر گاڑی روکی تو اُنہوں نے فائرنگ کر دی۔
ڈاکٹر رفیق کی جانب سے تاحال کسی پر شک و شہبہ کا اظہار نہیں کیا گیا تاہم پولیس نے ایف آئی آر درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ جنوری دو ہزار بارہ میں یونیورسٹی کے پروفیسر بشیر چنٹر کو سندھ یونیورسٹی کی حدود میں ہی گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ فیڈریشن آف پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن اور سندھ ٹیچرز ایسوسی ایشن نے ڈاکٹر رفیق میمن پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔
سندھ ٹیچرز ایسوسی ایشن کی صدر ڈاکٹر عرفانہ نے واقعہ کی اعلیٰ سطحی انکوائری کا مطالبہ کیا ہے، اُنہوں نے ملزموں کو تین روز میں پکڑنے کا وقت دیا ہے جس کے بعد اساتذہ حکومت کے خلاف مظاہرے کریں گے۔