احسن اقبال کی اعزازی پی ایچ ڈی کس مضمون میں، معمہ بن گیا
- November 16, 2017 9:20 pm PST
لاہور
یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور نے 24 ویں کانووکیشن میں وزیر داخلہ احسن اقبال کو پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری جاری کر دی ہے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر فضل احمد خالد نے یہ اعزازی ڈگری وزیر داخلہ کو دی۔
پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری پر لکھا ہے کہ احسن اقبال کی قومی خدمات کے عوض یہ ڈگری دی جارہی ہے تاہم اعزازی پی ایچ ڈی کی ڈگری پر کوئی مضمون نہیں لکھا عمومی طور پر پی ایچ ڈی کی ڈگری کسی خاص مضمون میں عطا کی جاتی ہے۔
پروفیسراحسن اقبال قانونی طور پر اعزازی پی ایچ ڈی پر اپنے نام کے ساتھ ڈاکٹر نہیں لکھ سکتے جبکہ اُن کی پی ایچ ڈی کی ڈگری کا مضمون بھی واضح طور پر نہیں لکھا گیا۔ اس سے پہلے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میاں محمد نواز شریف کو اعزازی پی ایچ ڈی کی ڈگری جاری کر چکی ہے۔
اعزازی پی ایچ ڈی کی ڈگری جاری کرنے کیلئے ابتدائی طور پر یو ای ٹی کی سنڈیکیٹ نے مخالفت کی تھی تاہم سنڈیکیٹ کے دوسرے اجلاس میں اس کی منظوری حاصل کر لی گئی۔ گورنر پنجاب نے یونیورسٹی ایکٹ 1974ء کے تحت اعزازی پی ایچ ڈی کی ڈگری پر دستخط کیے۔
رجسٹرار محمد آصف نےاحسن اقبال کو ڈگری جاری کرنے کیلئے دلیل دی کہ اُنہوں نے سی پیک کا منصوبہ، ہائر ایجوکیشن کمیشن کے لیے سو ارب روپے کی فنڈنگ مختص کرنے پر موثر کردار ادا کرنے، ویژن 2025 کے تحت ملکی ترقی، پاکستان امریکہ نالج کوری ڈور کے معائدے سمیت متعدد ترقی کے منصوبہ جات میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔
اعزازی پی ایچ ڈی کی ڈگری ملنے پر احسن اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ یو ای ٹی سے 1981ء میں گریجویٹ ہوئے تھے اور آج 36 سال بعد اپنی مادر علمی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری ملنا اُن کے لیے باعث فخر ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ وہ یو ای ٹی میں سٹوڈنٹ یونین کے صدر تھے اور اس یونیورسٹی کی ڈگری اُس دور میں بھی دُنیا بھر میں مانی جاتی تھی۔
واضح رہے کہ احسن اقبال اسلامی جمعیت طلباء کی جانب سے سٹوڈنٹ یونین کے صدر تھے۔
The subject is not mentioned on honourary PhD degrees. The IIU awarded honorary PhDs to many celebrities like Nelson Mandela, Mahatir Muhammad, King Salman and many others.