منہاج یونیورسٹی سپورٹس ڈے: طالبات برقعے پہن کر باسکٹ بال کھیلی

  • April 7, 2017 12:04 am PST
taleemizavia single page

لاہور

تحریک منہاج القرآن کی نگرانی میں چلنے والی منہاج یونیورسٹی لاہور کے سالانہ سپورٹس ڈے پر طالبات نے بھی بھر پور حصہ لیا۔ سپورٹس ڈے پر طالبات کے لیے خصوصی طور پر باسکٹ بال اور سو میٹر دوڑ کے مقابلے کرائے گئے۔

طالبات کو سپورٹس ڈے میں شرکت کرنے کے لیے سپورٹس ڈریس پہننے کی پاپندی کا سامنا نہیں تھا بلکہ طالبات نے برقعے پہن کر باسکٹ بال کے مقابلوں میں حصہ لیا۔ سپورٹس کمیٹی کی جانب سے یونیورسٹی کے تیسرے اور پانچوویں سمیسٹرز کی طالبات پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔

طالبات کے درمیان باسکٹ بال مقابلے کے دو راؤنڈ کھیلے گئے جسے دیکھنے کے لیے والدین کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔

باسکٹ بال مقابلے میں حصہ لینے والی طالبہ افشاں نورین کہتی ہیں کہ صرف باسکٹ بال ڈریس میں ہی یہ کھیل نہیں کھیلا جاسکتا بلکہ اُنہوں نے برقعہ پہن کر بھی اس کھیل میں بھر پور طریقے سے حصہ لیا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ کھیلوں میں شرکت سے طالبات کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوتا ہے۔

دوسری جانب سو میٹر دوڑ میں پندرہ طالبات نے حصہ لیا اور یہ مقابلہ پانچوویں سمیسٹر کی طالبہ نے جیت لیا مقابلے میں بہترین کارکردگی دکھانے والی طالبات میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔

واضح رہے کہ اس یونیورسٹی کو تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کی سرپرستی میں چلایا جارہا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *