علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے داخلوں کا اعلان کر دیا
- January 30, 2017 3:51 pm PST
اسلام آباد/علی طارق
علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سمسٹر بہار2017ء کے داخلے پاکستان کے چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور شمالی علاقہ جات میں یکم فروری سے ایک ساتھ شروع ہو جائیں گے۔
نئے سمسٹر میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے گریجویٹ طلبہ کے لئے ڈھائی سالہ بی ایڈ پروگرام متعارف کر دیا ہے جبکہ ایف اے اور ایف ایس سی طلبہ کے لئے چار سال اور ایم اے/ ایم ایس سی طلبہ کے لئے پی ایڈ پروگرام کا دورانیہ اڑھائی سال مقرر ہے۔
تمام پروگراموں کے داخلہ فارم اور پراسپیکٹس یکم فروری سے اسلام آباد میں یونیورسٹی کے مین کیمپس کے سیل پوائنٹس اور ملک بھر میں موجود علاقائی کیمپسسز اور رابطہ دفاتر سے حاصل کئے جا سکیں گے۔
پراسپیکٹس سیل پوائنٹس ہفتہ اور اتوار کے روز بھی صبح 8 بجے سے شام 6 بجے تک کھلے رہیں گے۔ میٹرک سے پی ایچ ڈی تک تمام پروگرامز کے پراسپیکٹس اور داخلہ فارم یونیورسٹی کی ویب سائٹ سے ڈاﺅن لوڈ بھی کئے جا سکیں گے۔
داخلہ فارم اور مقررہ فیس نامزد کردہ برانچوں میں جمع کرائے جا سکیں گے۔ نامزد شاخوں کی تفصیلات پراسپیکٹس، یونیورسٹی کی ویب سائٹ اور اوپن یونیورسٹی کے علاقائی دفاتر سے دستیاب ہوں گے۔ کسی بھی پروگرام میں پہلے سے جاری طلبہ کو کمپیوٹرائزڈ داخلہ فارم بھجوا دیے گئے ہیں۔
اگر کسی طالب علم کو داخلہ فارم موصول نہ ہو تو وہ یونیورسٹی کی ویب سائٹ سے ڈاﺅن لوڈ کرکے یا میٹرک کا پراسپیکٹس لے کر اپنا داخلہ فارم کسی بھی بینک کی نامزد برانچ میں داخلہ فیس کے ہمراہ مقررہ تاریخ تک جمع کروا کر اضافی لیٹ فیس کی ادائیگی سے بچ سکتا ہے۔