وائس چانسلر کے خلاف بغاوت؛ گجرات یونیورسٹی کے 4 ڈینز مستعفی

  • June 20, 2017 11:40 am PST
taleemizavia single page

گجرات

یونیورسٹی آف گجرات کی چار کلیات کے ڈینز نے وائس چانسلر ڈاکٹر ضیاء القیوم کی پالیسیوں اور اساتذہ کے ساتھ تعصب پر مبنی رویہ کے خلاف چانسلر گورنر پنجاب کو استعفے بھیج دیے ہیں۔

استعفے دینے والے ڈینز کا موقف ہے کہ یونیورسٹی کے انتظامی اور مالی امور کی باقاعدہ انکوائری کرائی جائے، وائس چانسلر ڈاکٹر ضیاء القیوم سنگین خلاف ورزیاں کر رہے ہیں۔

تعلیمی زاویہ کو ملنے والی استعفیٰ کی کاپی کے مطابق ڈین فیکلٹی آف سائنسز ڈاکٹر محمد فہیم ملک، ڈین فیکلٹی آف آرٹس ڈاکٹر فارش اللہ یوسفزئی، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز ڈاکٹر فوزیہ مقصود اور ڈین فیکلٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر سلمان طاہر نے مشترکہ طور پر اس استعفیٰ پر دستخط کیے ہیں۔

ڈاکٹر محمد فہیم ملک کے پاس دو کلیات کے ڈینز کا چارج تھا جبکہ یونیورسٹی کے صرف ایک ڈین فیکلٹی آف مینجمنٹ اینڈ ایڈمنسٹریٹو سائنسز ڈاکٹر ندیم صفوام نے اپنے عہدے سے استعفیٰ نہیں دیا۔

گجرات یونیورسٹی کے ان ڈینز نے واضح کیا ہے کہ جب تک وائس چانسلر ڈاکٹر ضیاء القیوم یونیورسٹی کے مفادات کے خلاف پالیسیوں، مالی، انتظامی بے قاعدگیوں کی تحقیقات نہیں کرائی جاتیں اُس وقت تک وہ بطور ڈین یونیورسٹی میں کام نہیں کریں گے۔

گورنر پنجاب کو استعفیٰ ارسال کرنے کے بعد مذکورہ ڈینز نے اپنے دفاتر میں کام کرنا چھوڑ دیا ہے، واضح رہے مذکورہ پروفیسر گجرات یونیورسٹی کے سینئر ترین اساتذہ ہیں جنہوں نے وائس چانسلر پر عدم اعتماد کا اظہار کر دیا ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *