اسلام آباد میں واپڈا یونیورسٹی کے قیام کا ڈرافٹ بل تیار

  • November 25, 2016 1:50 pm PST
taleemizavia single page

اسلام آباد

وزیر مملکت برائے تعلیم انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین کے ساتھ اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران واپڈا یونیورسٹی قائم کرنے کے لیے تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران چیئرمین واپڈا نے وزیر مملکت کو تجویز پیش کی کہ پاور اینڈ انرجی کی تعلیم سے متعلق اسلام آباد میں واپڈا یونیورسٹی قائم کی جائے۔

چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین کا کہنا ہے کہ واپڈا کو تربیت یافتہ باصلاحیت ہیومن ریسورس کی ضرورت ہے کیونکہ واپڈا کی ضروریات کو پوری کرنے کے لیے مارکیٹ سے مطلوبہ ہیومن ریسورس کی تلاش میں مشکلات ہیں۔

چیئرمین واپڈا نے وزیر مملکت کو کہا کہ اس صورتحال میں واپڈا کو اپنی یونیورسٹی بنانی چاہیے جس میں پاور، انرجی اور توانائی سے متعلق دیگر پروفیشنل ڈگریاں آفر کی جائیں۔

چیئرمین واپڈا نے بتایا کہ آئیسکو کے سی ای او ڈاکٹر جبار نے اس یونیورسٹی کے قیام کے لیے ڈرافٹ تیار کر لیا ہے جس پر مزید بحث کی جاسکتی ہے۔

وزیر مملکیت انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے تجویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی کے قیام کے لیے حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی، اُنہوں نے کہا کہ اس یونیورسٹی کے قیام کے لیے ہمیں جرمن ماڈل پر عمل درآمد کرنا چاہیے۔

چیئرمین واپڈا نے اس ملاقات کے دوران یہ بھی کہا کہ انجینئرنگ یونیورسٹیوں کو واپڈا کے ساتھ منسلک کر دیا جائے تاکہ مطلوبہ افرادی قوت تیار کرنے میں آسانی ہو۔

واپڈا یونیورسٹی کے قیام کے لیے تفصیلی بات چیت آئندہ ہفتہ واپڈا اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے حکام کے ساتھ متوقع ہے جس میں اس ڈرافٹ کو فائنل کیا جائے گا۔

اس ملاقات کے دوران ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر اللہ بخش ملک، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد، سی ای او آئیسکو انجینئر ڈاکٹر رانا جبار خان اور وزارت کے متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *