پنجاب: مستقل وائس چانسلرز کی تقرری کیلئے سرچ کمیٹی کے اختیارات فائنل

  • November 7, 2017 7:52 pm PST
taleemizavia single page

لاہور

محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب نے سرکاری یونیورسٹیوں میں وائس چانسلر تقرری کے لیے سرچ کمیٹی کے اختیارات و دائرہ کار کو وضع کرنے کے لیے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔ محکمہ ہائر ایجوکیشن نے گورنر پنجاب کی منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کیا ہے۔

سرچ کمیٹی کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ نامور سکالرز، ماہر تعلیم، ماہر انتظامی امور اور کسی بھی تجربہ کار اُمیدوار کو وائس چانسلر تقرری کے عمل میں شامل کر سکتے ہیں۔سرچ کمیٹی کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وائس چانسلر تقرری کے لیے قومی اور بین الاقوامی اخبارات میں اشتہارات جاری کرے گی۔ سرچ کمیٹی حکومت کے طے کردہ ضوابط کے مطابق وائس چانسلر تقرری کا عمل شروع کرے گی۔

سرچ کمیٹی حکومت کے طے کردہ معیار کے مطابق محکمہ ہائر ایجوکیشن اور پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تعاون سے اُمیدوارں کی سکروٹنی کرے گی۔

اُمیدواروں کے انٹرویوز مکمل کرنے کے بعد سرچ کمیٹی کے کنونیئر کو یہ اختیار حاصل ہوگا کہ وہ کمیٹی کے ممبران کے نقطء نظر کو سنے جس کے بعد کنونیئر کمیٹی ممبران کے نقطء نظر اور اُمیدواروں کے انٹرویوز کی بناء پر انہیں اوسط نمبرز دے گا۔

کسی بھی ایک اُمیدوار سے متعلق اختلاف رائے ہونے کی صورت میں اکثریت کی رائے کو اہمیت دی جائے گی اور اُمیدواروں کے نمبروں کو حتمی شکل دینے کے بعد سرچ کمیٹی تمام ممبران کے دستخط کرائے گی۔

محکمہ ہائر ایجوکیشن کسی بھی سرکاری یونیورسٹی میں وائس چانسلر کا عہدہ خالی ہونے سے چھ مہینے قبل مذکورہ پراسیس کو شروع کرنے کی پاپند ہوگی۔

محکمہ ہائر ایجوکیشن نے پنجاب یونیورسٹی ایکٹ 1973ء کے سیکشن 14 کی شق 4 کے تحت نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *