نوبل انعام یافتہ ریاضی دان مریم میرزاخانی انتقال کر گئیں

  • July 16, 2017 5:41 pm PST
taleemizavia single page

ویب ڈیسک

ریاضی کے میدان میں دنیا کا سب سے بڑا اعزاز’فیلڈز میڈل‘ جیتنے والی پہلی خاتون مریم میرزاخانی امریکہ میں انتقال کر گئی ہیں۔

انھیں چھاتی کا کینسر ہو گیا تھا جو بعد میں ان کی ہڈیوں تک پھیل گیا اور وہ 40 سال کی عمر میں کینسر سے جنگ ہار گئیں۔ فیلڈز میڈل، جسے عرف عام میں ’ریاضی کا نوبل انعام‘ بھی کہا جاتا ہپے، ہر چار سال بعد دو سے چار ایسے ماہرین ریاضی کو دیا جاتا ہے جن کی عمر 40 برس سے کم ہوتی ہے۔

ایرانی نژاد پروفیسر میرزاخانی کو اس اعزاز سے سنہ 2014 میں جیومیٹری اور ڈائنییمیکل سسٹمز کے میدان میں تحقیق کی بنیاد پر نوازا گیا تھا۔

ان کے انتقال پر امریکی خلائی ادارے ’ناسا‘ میں ان کے ساتھ کام کرنے والے سائنسدان فیروز نادری نے انسٹا گرام پر لکھا ہے کہ ’آج ایک روشنی بُجھ گئی ہے۔ مریم کے انتقال کی خبر سے میرا دل ٹوٹ گیا ہے، وہ بہت جلدی چلی گئیں۔‘

پروفیسر میرزاخانی 1977 میں ایران میں انقلاب سے پہلے پیدا ہوئیں تھیں اور فیلڈز میڈل حاصل کرنے سے پہلے 20 سال سے کم عمر
میں وہ ریاضی کے بین الاقوامی مقابلوں میں دو سنہری تمغے جیت چکی تھیں۔

مریم

انھوں نے امریکہ کی ہارورڈ یونیورسٹی سے سنہ 2004 میں پی ایچ ڈی مکمل کر لی تھی، جس کے بعد وہ سٹینفورڈ یونیورسٹی میں ریاضی کی پروفیسر تعینات ہو گئی تھیں۔

اپنے انتقال سے تین برس پہلے جب انھیں فیلڈز میڈل سے نوازا گیا تو وہ 1936 سے جاری یہ ’نوبل انعام‘ جیتنے والی پہلی خاتون تھیں۔

اس کے علاوہ وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والی پہلی ایرانی سائنسدان تھیں۔

جب پروفیسر مریم میرزاخانی کو فیلڈ میڈل دیا گیا تھا تو اس موقع پر اس ایوارڈ کا فیصلہ کرنے والی کمیٹی کی رکن اور برطانیہ کی یونیورسٹی آف آکسفورڈ کی پروفیسر فرانسز کِروان کا کہنا تھا

مجھے امید ہے کہ اس ایوراڈ سے اس ملک میں اور دنیا بھر میں بہت سی لڑکیوں اور نوجوان خواتین کو اپنی صلاحتیوں پر یقین کرنے اور مستقبل میں فیلڈز میڈل جیتنے کا حوصلہ ملے گا۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *