اقرباء پروری: وزیر زرتاج گل کی بہن اسسٹنٹ پروفیسر شبنم گل ڈائیریکٹر نیکٹا تعینات
- June 1, 2019 6:09 pm PST
لاہور: فاطمہ اکرم
پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں اقرباء پروری بڑھنے لگی۔ لاہور کالج فار فار ویمن یونیورسٹی میں تعینات وفاقی وزیر زر تاج گل کی بہن شبنم گل کو نیشنل کائونٹر ٹیرر ازم اتھارٹی کا ڈائریکٹر لگا دیا گیا۔
میرٹ سے ہٹ کر اقرباء پروری کرتے ہوئے وفاقی وزیر زرتاج گل کی بہن شبنم گل کو وفاقی ادارے میں ڈائریکٹر کے عہدے پر تعینات کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کی اسسٹنٹ پروفیسر شبنم گل کی نیشنل کائونٹر ٹیرر ازم اتھارٹی کے ڈائریکٹر کے عہدے پر تعینات کیا گیا ہے۔
شبنم گل لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں انٹرنیشنل ریلیشنز کی ٹیچر ہیں۔
شبنم گل نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی سے 1999ء میں ایم اے سیاسیات، 2002ء میں ایم فل سیاسیات کی ڈگری حاصل کی تھی۔ وہ لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں 2005ء میں لیکچرر تعینات ہوئیں جبکہ 2006ء میں اسسٹنٹ پروفیسر کے عہدے پر تقرری ہوئی۔
شبنم گل نے گجرات یونیورسٹی کے جریدے میں صرف ایک تحقیقی مقالہ شائع کر رکھا ہے جبکہ ان کے پی ایچ ڈی تھیسز کا موضوع دہشت گردی کے خلاف جنگ پاکستان بطور کیس اسٹڈی ہے۔
نیکٹا کی جانب سے جاری ہونے والی وضاحت میں بتایا گیا ہے کہ اس عہدے کے لیے صوبائی و وفاقی محکمہ جات سے 12 درخواستیں موصول ہوئی تھیں ان درخواستوں کا جائزہ لینے کیلئے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی۔
کمیٹی نے 14 مئی کو امیدواروں کے انٹرویوز مکمل کیے اور بارہ میں سے 6 امیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا جس کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے شبنم گل کو ڈائیریکٹر کے عہدے پر تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔
وفاق کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن میں وائس چانسلر ڈاکٹر فرخندہ منظور کو شبنم گل کی سروسز نیکٹا کے حوالے کرنے کی ہدایات کی گئی ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ لاہور کالج سے پیشگی اجازت کے بغیر ہی شبنم گل کی سروسز وفاقی ادارے کے لیے حاصل کی گئیں اور اس کے لیے یونیورسٹی سنڈیکیٹ سے منظوری بھی حاصل نہیں کی گئی ہے۔
یونیورسٹی حکام کی اجازت کے بغیر ہی زرتاج گل کی بہن شبنم گل کی نیکٹا میں ڈائیریکٹر کے عہدے پرتین سال کے لیے تعینات کر دیا گیا ہے۔