یونیسکو نے لاہور کو دُنیا کے 66 تخلیقی شہروں‌ میں شامل کر لیا

  • November 3, 2019 10:26 am PST
taleemizavia single page

لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ یونیسکو نے لاہور کو دنیا کے 66 تخلیقی شہروں میں شامل کر لیا ہے او ر ادب کے عالمی میدان میں لاہو رکی شمولیت بہت بڑا اعزاز ہے – اس اعزاز کے بعد لاہورکے ادب و ثقافت کو عالمی سطح پر فروغ ملے گا – میں اس بڑی کامیابی پر عوام کو مبارک باد دیتا ہو ں –

صوبائی وزیر نے ان خیالات کااظہار ٹاؤن ہال میں کمشنر لاہور ڈویژن آصف بلال لودھی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا.

سیکرٹری اطلاعات وثقافت راجہ جہانگیر انور، ڈی جی پی آر محمد اسلم ڈوگر، چیئرپرسن الحمراء آرٹ کونسل منیزہ ہاشمی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹ کونسل اطہر علی خان اور معروف ادیب اصغر ندیم سید بھی اس موقع پر موجود تھے –

کمشنر لاہور ڈویژن نے بتایاکہ انتھک محنت اور تمام سٹیک ہولڈرز کی کاوشوں سے یہ کامیابی ملی ہے کہ لاہور اب سٹی آف فوڈ نہیں بلکہ شہر ادب سے جانا جائے گا – لاہور ادب کا شہر تھا اسے اب تسلیم کیا گیا ہے.

کمشنر نے بتایاکہ حضوری باغ کی داستان گوئی کی حیثیت بحال کی جائے گی – اردوبازار کو ادبی بازار بنائیں گے اور تاریخی مقامات پر سٹریٹ تھیٹر اور ڈرامے منعقد کئے جائیں گے – آئندہ سال بین الاقوامی فلم اور موسیقی میلے کا اہتمام کیاجائے گا – اقبال کے موضوع پر عالمی کانفرنس بلائی جائے گی – تاریخی دستاویزات کے تحفظ کے لئے مختلف زبانوں میں ترجمے کئے جائیں گے –

ماحولیاتی آلودگی کے بارے سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہاکہ پنجاب کے سابق حکمرانوں نے بے دردی سے درخت کاٹے اور شہروں میں کنکریٹ کے پہاڑ کھڑے کردیئے -ہماری حکومت نے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں – کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کے تحت شہرو ں کو صاف ستھرا بنایاجارہاہے – صوبے بھر میں لاکھوں درخت لگائے گئے ہیں –

Leave a Reply

Your email address will not be published.