آئندہ سال سے دو سالہ بی اے اور ایم اے ڈگریاں بند کرنے کا حتمی فیصلہ
- April 28, 2019 1:40 pm PST
اسلام آباد: آمنہ مسعود
ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے دو سالہ ڈگری بند کرنے کا حتمی عندیہ دے دیا ہے۔ آئندہ سال سے دو سالہ بی اے، بی ایس سی اور دو سالہ ایم اے ڈگری پروگرام بند کر دیا جائے گا۔
ایچ ای سی نے 2020ء کے بعد دو سالہ بی اے اور دو سالہ ایم اے ڈگری پروگرام بند کرنے کا الٹی میٹم دے دیا ہے۔
ایچ ای سی کے مطابق دو سالہ بی اے ڈگری کرنے والے طلباء چار سالہ بی ایس آنرز میں داخلہ لینے کے اہل تصور کیے جائیں گے تاہم بی ایس آنرز میں داخلہ لینے سے قبل اُمیدوار کو 15 سے 18 کریڈٹ آورز کے اضافی کورسز پڑھنا ہوں گے۔
ایچ ای سی نے یونیورسٹیوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ دو سالہ بی اے ڈگری یافتہ طلباء کو بی ایس آنرز پانچویں سمسٹر میں داخلہ دیا جائے۔ 2020ء کے بعد انٹرمیڈیٹ کے بعد ایسوسی ایٹ ڈگری آفرز کی جائیں گی۔
ایچ ای سی کی جانب سے 2016ء میں یونیورسٹیوں کو آگاہ کیا گیا تھا کہ دو سالہ ڈگری پروگرام 2019ء میں بند کر دی جائے گی۔