دھرنے ختم، کل ملک بھر کے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان
- November 2, 2018 10:56 pm PST

اسلام آباد: تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے تحت ملک گیر مظاہروں اور دھرنوں کے ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے. جس کے بعد صوبائی حکومتوں نے سکولز و کالجز کل سے کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے.
پنجاب، خیبر پختونخوا اور سندھ حکومت نے کل نجی و سرکاری تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کر دیا ہے اور اس ضمن میں والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کل اپنے بچوں کو معمول کے مطابق درس گاہ بھیجیں.
دھرنے اور مظاہروں کے باعث پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ میں نجی و سرکاری تعلیمی ادارے جمعرات اور جمعہ کے روز بند رہے جبکہ اس دوران یونیورسٹیوں اور تعلیمی بورڈز نے اپنے امتحانات بھی ملتوی کر دیے. شہروں کی غیر یقینی کی صورتحال کے پیش نظر تعلیمی اداروں میں اساتذہ اور ملازمین کی بھرتیوںکے انٹریوز اور کانووکیشنز بھی ملتوی کر دیے گئے تھے.
واضح رہے کہ عاصیہ بی بی کو سپریم کورٹ کی جانب سے رہا کرنے کا حکم جاری ہونے کے بعد ملک گیر احتجاج، توڑ پھوڑ، سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچایا جارہا تھا جس کے بعد آج حکومت اور تحریک لبیک کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے پر احتجاج ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے.
احتجاج ختم ہوتے ہی حالات معمول پر آگئے ہیں تاہم کل تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی انتہائی سخت رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے.