پنجاب یونیورسٹی کے 45 ہزار طلباء کی فیسوں میں 20 فیصد رعائیت

  • May 4, 2021 5:04 pm PST
taleemizavia single page

لاہور: پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ نے کرونا وباء کے پیش نظر آن لائن کلاسز لینے والے طلباء و طالبات کے لئے مجموعی فیس کی مد میں 20  فیصد رعائت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد اختر کی زیر صدارت مختلف فیکلٹیز کے ڈین کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں طلباء کو فیسوں کی مد میں ریلیف دینے کے امور زیر بحث لائے گئے۔ اجلاس میں یہ حتمی طور پر فیصلہ ہوا کہ طلباء کو فیسوں کی مد میں 20 فیصد تک رعائیت دی جائے۔

فیصلے کے مطابق، طلباء کے سمیسٹر کی فیس کی ادائیگی کے لیے جاری شدہ چالان میں مجموعی طور پر 20 فیصد فیس کم کر دی جائے گی تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ٹیوشن فیس میں کمی کی جائے گی یا پھر یوٹیلیٹی بلوں کی مد میں وصول کیے جانے والے چارجز ختم کیے جارہے ہیں۔

پنجاب یونیورسٹی کے بی ایس آنرز، ماسٹرز، ایم فل اور پی ایچ ڈی سکالرز انتظامیہ کے اس فیصلے سے ایسے طلباء مستفید ہوں گے جو آن لائن پالیسی کے تحت کلاسز میں شریک ہورہے ہیں۔

ڈینز کمیٹی کے اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ بروز جمعرات 6 مئی سے آن لائن کلاسز ختم کر دی جائیں گی اور عید الفطر کی چھٹیوں کے بعد ان کلاسز کا دوبارہ اجراء ہوگا جبکہ کل 5 مئی کو یونیورسٹی کے ہاسٹلز خالی کرا لیے جائیں گے۔

پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ ہاسٹل میں صرف غیر ملکی طلباء کو رہائش کی اجازت ہوگی جبکہ پاکستان کے تمام صوبہ جات کے طلباء کو عید کی چھٹیوں میں گھروں کو واپس جانا ہوگا۔

پنجاب یونیورسٹی کے رجسٹرار آفس سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کا اطلاق جہلم اور گجرانوالہ کیمپس پر بھی ہوگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *