پنجاب یونیورسٹی: بی ایس آنرز مارننگ ڈگریوں پر فیس ختم کرنے کی تجویز

  • October 27, 2020 8:53 pm PST
taleemizavia single page

اکمل سومرو): پنجاب یونیورسٹی میں بی ایس آنرز مارننگ پروگرام میں عائد فیسوں کو ختم کرنے پر غور شروع کر دیا گیا ہے۔ بی ایس آنرز پروگرام پر عائد فیس ختم کرنے کی تجویز اکیڈمک کونسل کے اجلاس میں پیش کی گئی۔

پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد اختر کی زیر صدارت اکیڈمک کونسل کے اجلاس کے فیسوں میں اضافے کا ایجنڈا پیش کیا گیا اور اس ایجنڈے میں فیسوں میں اضافے کی تجاویز پیش کی گئی تھیں۔

وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد نے فیسوں میں اضافے کی تجویز کو مسترد کر دیا اور کمیٹی کو ہدایات جاری کیں کہ یونیورسٹی کے اخراجات پورے کرنے کے لیے آمدن کے دیگر ذرائع تلاش کیے جائیں، پبلک یونیورسٹی ہونے کے باعث والدین پر فیسوں کو بوجھ نہیں ڈال سکتے۔

فیسوں میں اضافے کی مخالفت کرتے ہوئے یونیورسٹی کے پروفیسر کی جانب سے تجویز پیش کی گئی کہ بی ایس آنرز ڈگریوں پر عائد فیس سٹرکچر کو ختم کر دیا جائے اور میرٹ پر داخل ہونے والے تمام طلباء کو مفت تعلیم فراہم کی جائے۔

اکیڈمک کونسل کے اجلاس کے دوران تجویز میں یہ بھی کہا گیا کہ بی ایس آنرز کے مارننگ پروگرام میں داخل ہونے والے ذہین طلباء کو یونیورسٹی کی جانب سے سپورٹ کیا جائے تاکہ یہ طلباء اپنی تعلیم آسانی سے جاری رکھ سکیں۔

اس تجویز میں یہ بھی کہا گیا کہ سیلف سپورٹنگ ڈگریوں میں مالی طور پر مستحکم طلباء ہی داخلہ حاصل کرتے ہیں، سیلف سپورٹنگ کی فیسوں میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد اختر کی ہدایت پر فیسوں میں اضافے کا ایجنڈا ملتوی کر دیا گیا تاہم بی ایس آنرز مارننگ پروگرام میں فیس ختم کرنے سے متعلق کمیٹی کو سفارشات مرتب کرنے کی ہدایات کی گئیں۔

پنجاب یونیورسٹی کے ترجمان خرم شہزاد نے تعلیمی زاویہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی نے اصولی طور پر فیسوں میں اضافہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اکیڈمک کونسل میں شریک پروفیسرز اور شعبہ جات کے صدور نے بھی وائس چانسلر کے فیصلے کی تائید کی ہے۔

اُن کا کہنا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی میں دیگر پبلک یونیورسٹیوں کے مقابلے پر فیس کم وصول کی جاتی ہے جبکہ طلباء کو سہولیات فراہم کرنے کےلیے سبسڈی بھی مہیا کی جاتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *