پنجاب یونیورسٹی کا بڑا فیصلہ، اساتذہ کی ترقیوں کیلئے ٹائم سکیل پرموشن پالیسی منظور
- May 4, 2019 6:22 pm PST
لاہور: آمنہ مسعود
پنجاب یونیورسٹی کی تاریخ میں پہلی بار اساتذہ کی ترقیوں کے لیے ٹائم سکیل پرموشن کا نفاذ کر دیا گیا۔ یہ فیصلہ وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد کی زیر صدارت منعقدہ سنڈیکیٹ اجلاس میں کیا گیا۔
پنجاب حکومت کی جانب سے اپریل کے مہینےمیں ٹائم سکیل پرموشن کی پالیسی کا نفاذ کیا گیا ہے، سنڈیکیٹ نے پنجاب حکومت کا جاری کردہ نوٹیکفیشن یونیورسٹی میں لاگو کر دیا ہے۔ سنڈیکیٹ نے فیصلہ کیا ہے کہ اساتذہ کو اگلے گریڈ میں ترقی تو نہیں دی جائے گی تاہم ایک ہی گریڈ میں مقررہ وقت پورا ہونے پر اگلے گریڈ کی مراعات دی جائیں گی۔
پنجاب یونیورسٹی اساتذہ کا کیڈر تبدیل نہیں ہوگا لیکن پرموشن پالیسی کے تحت تمام مالی مراعات دی جائیں گی۔
پنجاب یونیورسٹی سنڈیکیٹ نے اساتذہ و ملازمین کی بھرتیوں کے لیے 3 فیصد کوٹہ معذور افراد کے لیے مختص کر دیا ہے۔
سنڈیکیٹ کے اجلاس میں اپلائیڈ سائیکالوجی کی ڈائیریکٹر ڈاکٹر فرح ملک کو عہدے سے ہٹا دیا گیا. سنڈیکیٹ نے ڈاکٹر فرح ملک کو عہدے سے ہٹانے سے قبل ذاتی شنوائی کا موقع ہی فراہم نہیں کیا. پی ایچ ڈی ملازمین کو ایڈہاک ازم پر اسسٹنٹ پروفیسر تعینات کرنے کا ایجنڈا مسترد کر دیا گیا۔
پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر نیاز احمد اختر کی زیر صدارت منعقد ہونے والے سنڈیکیٹ اجلاس میں آٹھ شعبہ جات میں بورڈ آف سٹڈیز کے ممبران تعینات کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
جس میں شعبہ سیاسیات، اُردو، اسلامیات، کیمسٹری، سوشل ورک، ریاضی، شعبہ اپلائیڈ سائیکالوجی،شماریات میں بورڈ آف سٹڈیز شامل ہیں۔ سنڈیکیٹ نے پی ایچ ڈی ملازمین کو ایڈہاک پر اسسٹنٹ پروفیسر تعینات کرنے کا ایجنڈا مسترد کر دیا گیا، ممبر سنڈیکیٹ جاوید سمیع نے اعتراض لگایا کہ یہ فیصلہ سنڈیکیٹ نے کر رکھا ہے اس پر نظر ثانی چھ مہینے بعد کی جاسکے گی۔ سنڈیکیٹ نے پنجاب یونیورسٹی ایفیلیشن کمیٹی تبدیل کرنے کی منظوری بھی دے دی ہے۔
ڈاکٹر فہیم ملک کی سربراہی میں نئی ایفیلیشن کمیٹی تشکیل کی گئی ہے۔ پروفیسر آف ایمریطس کی تقرری کے لیے نئے ضابطے اور یونیورسٹی کے مستقل اساتذہ کو پارٹ ٹائم پڑھانے گریڈز کے مطابق معاوضہ ادا کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔
ہیلے کالج آف بینکنگ اینڈ فنانس اور آئی ای آر کے بورڈ میں سنڈیکیٹ ممبران کی تقرری کی منظوری دی گئی ہے۔
سنڈیکیٹ اجلاس میں مولانا راغب نعیمی، ڈاکٹر سلیم مظہر، ڈاکٹر ساجدرشید، جاوید سمیع، ماجد رانا، ایم پی اے مسرت چیمہ، ایڈیشنل سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن طارق حمید بھٹی، روزینہ عالم، ایڈیشنل سیکرٹری فنانس، رجسٹرار ڈاکٹر خالد خان نے شرکت کی۔
صدر اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن ڈاکٹر ممتاز انور چوہدری کہتے ہیں کہ یونیورسٹی اساتذہ کو ٹائم سکیل پرموشن ملنے سے اکیڈمک ایکسیلینس آئے گی اور اکیڈمک لیڈر شپ پیدا کرنے کے لیے یہ فیصلہ ناگزیر تھا۔ انھوں نے اس فیصلے پر سنڈیکیٹ ممبران کا شکریہ ادا کیا ہے اور اساتذہ کو مبارکباد دی ہے۔