پنجاب: بورڈز نتائج سے مشروط اساتذہ کی ترقیوں کی پالیسی ختم
- January 15, 2019 12:48 pm PST
ملتان: محکمہ سکولز ایجوکیشن پنجاب نے سرکاری سکولوں میں تعینات سبجیکٹ اسپیشلسٹ کی ترقیوں کو نویں اور گیارہویں جماعت کے نتائج سے مشروط کرنے کی پالیسی ختم کر دی ہے.
حکومت نے سرکاری سکولوں کے ہیڈ ماسٹرز و ہیڈ مسٹریس کی ترقیوں کو بھی بورڈز کے نتائج کے ساتھ مشروط نہیں کیا جائے گا.
مسلم لیگ نواز کی حکومت نے 2009ء میں اس پالیسی کا اطلاق کیا تھا کہ سرکاری سکولوں کے تعلیمی بورڈز کے نتائج کی بنیاد پر اساتذہ کی کارکردگی کو پرکھا جائے گا اور ہر مضمون میں بورڈز کے نتائج کی بنیاد پر ترقیوں کی سفارشات کی جاتی تھیں تاہم تحریک انصاف کی حکومت نے اس پالیسی کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے.
حکومت کی جانب سے وضع کی گئی نئی پالیسی کے مطابق اب صرف میڑک اور بارہویں جماعت کے نتائج کو ہی ملحوظ خاطر رکھا جائے گا اور ان نتائج میں نویں و گیارہویں جماعت میں طلباء کے پاس اور فیل ہونے کی شرح کو اہمیت نہیں دی جائے گی.
اس نئی پالیسی کا اطلاق رواں سال تعلیمی بورڈز کے تحت ہونے والے میڑک و انٹرمیڈیٹ امتحانات کے نتائج سے ہی نافذ کر دیا جائے گا.