پنجاب کی 16 سرکاری جامعات دو سال سے وائس چانسلر سے محروم
- January 7, 2019 11:10 pm PST
لاہور: پنجاب میں سولہ یونیورسٹیاں مستقل وائس چانسلرز اور پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن چیئرمین کی تعیناتی کے منتظر ہیں۔
پنجاب کے اعلی تعلیمی اداروں کیلئے بنائی گئی سرچ کمیٹیزصوبے کی 16 یونیورسٹیوں کے مستقل وائس چانسلرڈھونڈنے میں ناکام ہوگئی ہیں۔ کئی جامعات میں انتظامی معاملات قائمقام وائس چانسلر چلارہے ہیں۔
یو ای ٹی ٹیکسلا، یونیورسٹی آف گجرات، لاہور کالج فار وومن یونیورسٹی مستقل وائس چانسلر سے محروم ہیں جبکہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد، نارووال یونیورسٹی، یو ای ٹی لاہور مستقل وائس چانسلر کی راہ تک رہے ہیں۔
پنجاب کی سرچ کمیٹیوں کو ایم اے ایس راولپنڈی، گورنمنٹ کالج فاوومن سیالکوٹ، یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد اور وومن یونیورسٹی ملتان کیلئے بھی مستقل چانسلر کی تلاش میں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
دوسری طرف ایچ ای سی ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کیلئے سمری وزیراعلی ہاوس بھجوائی جاچکی ہے لیکن تاحال اسکی منظوری نہیں دی گئی۔
واضح رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان نے اپریل 2018 میں میرٹ کے برعکس تعینات وائس چانسلرزکو مستقفی ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے حکومت کو میرٹ پر مستقل تعیناتیاں کرنے کا حکم دیا تھا۔
پارلیمنٹ سے 18ویں ترمیم کی منظوری کے بعد فروری 2013 میں صوبے میں اعلی تعلیم کیلئے پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کا قیام عمل میں لایا گیا تھا۔