ایسوسی ایٹ ڈگری میں پرائیویٹ طلباء کی رجسٹریشن کرنے کا اہم فیصلہ
- August 9, 2019 9:55 pm PST
لاہور: آمنہ مسعود
انٹرمیڈیٹ پاس طلباء وطالبات کے لیے خوش خبری ہے کہ دو سالہ بی اے بی ایس سی کے خاتمے کے بعد ایسوسی ایٹ ڈگری میں پرائیویٹ امتحان دینے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ طلباء بی اے کی طرح ایسوسی ایٹ ڈگری میں پرائیویٹ داخلہ بھجوا سکیں گے۔
اس ضمن میں پنجاب یونیورسٹی کی جانب سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
یونیورسٹی کی جانب سے جاری کیے گئے مراسلے کے مطابق بی اے بی ایس سی کے نصاب کو ہی ایسوسی ایٹ ڈگری میں پڑھایا جائے گا اور ایسوسی ایٹ ڈگری کا امتحان بھی دو سالہ بی اے بی ایس سی کی طرز پر ہوگا۔
یونیورسٹی سے بی اے ڈگری کا نام تبدیل کر کے ایسوسی ایٹ ڈگری ان آرٹس کر دیا ہے جبکہ بی ایس سی کا نام تبدیل کر کے ایسوسی ایٹ ڈگری ان سائنس کر دیا گیا ہے۔
بی کام کا نام تبدیل کر کے ایسوسی ایٹ ڈگری ان کامرس کر دیا گیا ہے۔
ایسوسی ایٹ ڈگری کا امتحانی ضابطہ بی اے کی طرز پر ہوگا اور اس کے لیے طلباء سالانہ اور ضمنی امتحان دے سکیں گے۔
وائس چانسلر نے یونیورسٹی ایکٹ 1973ء کی شق پندرہ تین کے تحت ایسوسی ایٹ ڈگری سے متعلق مراسلہ جاری کرنے کی ہدایات کیں جس پر رجسٹرار پنجاب یونیورسٹی نے نوٹیفکیشن جاری کیا۔
بی اے بی ایس سی میں پڑھائی جانے والی تمام کتب ایسوسی ایٹ ڈگری میں پڑھائی جائیں گی تاہم ایسوسی ایٹ ڈگری کا نیا نصاب مرتب کرنے کے بعد مزید تبدیلیاں کی جائیں گی۔
ایسوسی ایٹ ڈگری میں داخلے الحاق شدہ کالجوں کے ذریعے ریگولر اور پرائیویٹ طور پر شروع کیے جائیں گے ۔ نئی ڈگری میں داخلوں کے لیے رجسٹریشن کا اجراء انٹرمیڈیٹ کے بعد ہوگا۔