یونیورسٹیز میں رجسٹرار،کنٹرولر کی عارضی تقرری کی مدت میں توسیع پر پاپندی عائد
- July 20, 2022 11:25 pm PST
لاہور: آمنہ مسعود
گورنر پنجاب انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے پنجاب کی سرکاری یونیورسٹیوں میں رجسٹرار، کنٹرولر امتحانات اور خزانچی کے اہم ترین عہدوں پر مستقل تقرریاں کرنے کے لیے وائس چانسلرز کو وارننگ جاری کر دی ہے۔
محکمہ ہائیر ایجوکیشن کی جانب سے جاری مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ چھ مہینے کی مدت میں مستقل رجسٹرار، کنٹرولر اور خزانچی کی تقرری نہ ہونے کی صورت میں وائس چانسلر کو ذمہ داری ٹھہرایا جائے گا۔
تعلیمی زاویہ کو موصول شدہ مراسلہ کے مطابق، وائس چانسلرز کو تین نکات پر مشتمل ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ گورنر پنجاب کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات کے مطابق یونیورسٹیوں میں خزانچی، کنٹرولر امتحانات اور رجسٹرار کی خالی آسامیوں پر بھرتی کا عمل فوری طور پر شروع کیا جائے اور چھ ماہ کے اندر قانون اور پالیسی کے مطابق بھرتیوں کا پراسیس مکمل کیا جائے۔ ان ہدایات پر عمل درآمد میں ناکامی کی صورت میں انتظامی سیکرٹری اور وائس چانسلرز کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔
مراسلہ کے مطابق مذکورہ عہدوں پر اضافی چارج ابتدائی طور پر تین ماہ کی مدت کے لیے تفویض کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔ تاہم، ان عہدوں پر مروجہ طریقہ کار روکنے کے لیے کسی بھی شخص یا افسر کو اضافی چارج تفویض کرنے کی زیادہ سے زیادہ مدت ایک کیلنڈر سال میں چھ ماہ مقرر کر دی گئی ہے۔
ایک عہدے دار کے ذریعہ مذکورہ بالا عہدوں پر اضافی چارج کی چھ ماہ کی مدت پوری ہونے کے بعد، وائس چانسلر کو ہدایات کی گئی ہے کہ وہ اضافی چارج تفویض کرنے کے لیے افسران کا نیا پینل گورنر پنجاب کو ارسال کرے، جس میں مسابقتی عمل کے ذریعے ان عہدوں پر تقرری نہ ہونے کی وجوہات کی نشاندہی کرنا ضروری قرار دیا گیا ہے۔
مراسلہ میں وائس چانسلرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر ان تین اہم عہدوں پر مستقل تقرریوں عمل بذریعہ اشتہار شروع کریں۔