سرکاری یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز تقرری کی اہلیت کا نیا معیار کیا ہے؟

  • May 11, 2021 3:46 pm PST
taleemizavia single page

آمنہ مسعود: دس سال بعد سرکاری یونیورسٹیوں میں وائس چانسلر تقرری کی اہلیت کا معیار تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اہلیت کے نئے ضابطہ میں پاکستانی پی ایچ ڈی اساتذہ کو اہمیت نہیں دی جائے گی۔

وائس چانسلر تقرری کی اہلیت کے نئے ضابطہ کے تحت دنیا کی سو ٹاپ یونیورسٹیوں سے پی ایچ ڈی کے 25 نمبرز مختص کر دیے گئے ہیں جبکہ پروفیشنل تجربہ اور لیڈر شپ کے نمبرز 35 سے بڑھا کر 50 کر دیے گئے۔

پنجاب کی سرکاری یونیورسٹیوں میں مستقل وائس چانسلرز کی تقرری کیلئے اہلیت کا معیار تبدیل کیا جا رہا ہے جس کی ابتدائی منظوری دے دی گئی ہے۔ تعلیمی زاویہ کو موصول ہونے والی دستاویزات کے مطابق وائس چانسلر کے عہدہ کیلئے محض پی ایچ ڈی ڈگری کافی نہیں ہے بلکہ فل پروفیسرز ہی وی سی کیلئے اہل ہوں گے۔ وائس چانسلر کے عہدہ پر تقرری کیلئے اکیڈمک کوالیفیکیشن کے نمبروں کو کم کر دیا گیا ہے۔

اکیڈمک کوالیفیکیشن کے نمبرز 35 سے کم کر کے 25 کر دیے گئے ہیں اور دنیا کی پہلی ایک سو یونیورسٹیوں سے پی ایچ ڈی ڈگری کرنے پر اکیڈمک کوالیفیکیشن کی مد میں پورے 25 نمبرز دیے جائیں گے۔

کیو ایس رینکنگ کی پہلی تین سو یونیورسٹیوں سے پی ایچ ڈی کے 21 نمبرز، پانچ سو یونیورسٹیوں سے 17 نمبرز جبکہ پاکستان کی منظور شدہ یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کے 13 نمبرز دیے جائیں گے۔ ریسرچ آرٹیکلز کی اشاعت کے نمبروں کو 35 سے کم کر کے 25 نمبرز کر دیا گیا ہے۔

وائس چانسلر کے عہدہ کیلئے پروفیشنل تجربہ اور لیڈر شپ کے نمبرز 35 سے بڑھا کر 50 نمبرز مقرر ہوں گے۔ پرو وائس چانسلر، ریکٹر، ڈین اور وائس چانسلر کی پوزیشن پر کام کرنے والے امیدواروں کو ایک سال کے 5 نمبرز دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ چیئرمین کے عہدہ پر کام کرنے کے دو نمبرز ملیں گے۔

سینئر لیڈر شپ پوزیشن پر کام کرنے والے ڈائیریکٹر جنرل اور سی ای او کو ایک نمبر دیا جائے گا۔ میرٹ فارمولا کے مطابق 75 فیصد نمبرز حاصل کرنے والوں کو انٹرویوز کیلئے شارٹ لسٹ کیا جائے گا جبکہ وائس چانسلر کیلئے اپلائی کردہ امیدواروں میں سے صرف پندرہ امیدواروں کو شارٹ لسٹ ہوں گے۔

وائس چانسلرز سرچ کمیٹی ایک یونیورسٹی کیلئے صرف پندرہ امیدواروں ہے انٹرویوز کرے گی۔ سرچ کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر خالد آفتاب کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں اہلیت کا معیار تبدیل کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔

وائس چانسلر اہلیت کا معیار تبدیل کرنے کیلئے سرچ کمیٹی کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس مین ممبر کمیٹی چیئرپرسن پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر فضل احمد خالد، ڈاکٹر عارف بٹ، ڈاکٹر سلیمہ ہاشمی اور سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن ندیم محبوب نے شرکت کی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *