وزیر فیاض چوہان نے اپنے بیٹے کے بورڈ نمبرز کیسے بڑھوائے؟ انکوائری مکمل
- September 23, 2019 7:44 pm PST
راولپنڈی : صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کے بیٹے کے ایف ایس سی امتحان میں فزکس کے پیپر میں نمبر 14 سے 30 کیسے ہوئے، صوبائی وزیر کے بیٹے کے اضافی نمبروں کو غیر قانونی قرار دے دیا گیا انکوائری رپورٹ میں ہیڈ ایگزمنر قصوروار قرار دے دیا گیا۔
پنجاب کے وزیر فیاض چوہان کے بیٹے کے نمبر بڑھانے کے معاملے پر انکوائری رپورٹ سامنے آگئی۔ فیاض چوہان کے بیٹے کے نمبر غیر قانونی طور پر بڑھائے گئے.
صوبائی وزیر کے بیٹے کے فزکس پریکٹیکل کے نمبر 14 سے 30 کیے گئے ،ذرائع کے مطابق ہیڈ ایگزمینر ایسوسی ایٹ پروفیسر سلیم نے اختیارات سے تجاوز کیا اور نمبر بڑھائے۔
پریکٹیکل لینے والے سب ایگزامینر نے نمبروں کی تبدیلی سے اتفاق نہیں کیا جب کہ رپورٹ میں پروفیسر سلیم رمضان کے خلاف ضابطے کی کارروائی کرنے کی سفارش کی گئی۔
انکوائری کمیٹی کے سربراہ نے ہیڈ ایگزمینر کے خلاف ضابطے کی کارروائی کے لیے سیکریٹری ہائرایجوکیشن کو رپورٹ بھیج دی گئی ہے فیاض الحسن کے بیٹے نے نجی کالج سے بارہویں جماعت کے پرچے دیئے جس میں فہد حسن نے 769 نمبر حاصل کیے ہیں.