پاکستان کی یونیورسٹیوں کیلئے چندہ جمع کرنیکی مہم چلانے کا فیصلہ
- April 21, 2019 2:55 pm PST
اسلام آباد: سرکاری یونیورسٹیوں بھی چندے کی رقم پر چلیں گی۔ یونیورسٹیز کے اخراجات پورے کرنے کیلئے ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے وائس چانسلرز کو فارغ التحصیل مخیر طلباء وطالبات سے چندہ جمع کرنے کی ترغیب دے دی۔
تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے ہائیر ایجوکیشن کے بجٹ میں 50 فیصد کٹوتی کے بعد ایچ ای سی کی نئی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر طارق بنوری کی زیر صدارت ہونیوالے اجلاس میں یونیورسٹیوں کے اخراجات پورے کرنے سے متعلق تفصیلی گفتگو کی گئی۔ اجلاس میں کمیشن کے تمام ممبران نے شرکت کی۔
اجلاس میں زیر بحث لایا گیا کہ بجٹ کٹوتی کے بعد یونیورسٹیوں کے ترقیاتی پروگرامز بند ہو جائیں گے، اس تناظر میں ایچ ای سی نے یونیورسٹیوں کیلئے پانچ نکاتی ایجنڈا جاری کیا ہے۔
کمیشن کی جانب سے جاری ہونے والی ہدایات میں وائس چانسلرز کو اپنے وسائل سے یونیورسٹی چلانے کے لیے فنڈز کا بندوبست کرنے کا کہا گیا ہے۔ ہائیر ایجوکیشن مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کو فعال کر کے اخراجات میں کمی کی ہدایات کی گئی ہیں۔
ایچ ای سی نے وائس چانسلرز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طلباء و طالبات اور مخیر افراد سے چندہ جمع کریں اور یونیورسٹیوں میں غیر ملکی طلباء کے داخلوں سے آمدن بڑھائی جائے۔