ایچ ای سی تقریری مقابلہ جی سی یونیورسٹی لاہور فاتح قرار

  • October 18, 2018 9:51 pm PST
taleemizavia single page

لاہور: ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے تحت علامہ اقبال شیلڈ مقابلوں میں پنجاب کی 36 یونیورسٹیوں سے 150 طلباء و طالبات نے حصہ لیا۔ انگریزی و اُردو تقریری مقابلوں کا انعقاد ایچ ای سی ریجنل دفتر لاہور میں ہوا۔

پنجاب کی سطح پر ہونے والے ان مقابلوں میں مجموعی طور رپر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی نے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔ اُردو میں پہلی پوزیشن جی سی یو لاہور کے حسن اعجاز نے حاصل کی جبکہ پیر مہر علی شاہ ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی راولپڈی کے حسین علی ہاشمی نے دوسری، اور جی سی یو لاہور کے غلام مصطفیٰ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

انگریزی تقاریر میں جی سی یونیورسٹی لاہور کے عبد اللہ محسن نے پہلی پوزیشن، فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی راولپنڈی کی سارہ نور فاطمہ نے دوسری پوزیشن اور پنجاب یونیورسٹی کی رمیشہ خان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

ان مقابلوں میں ڈاکٹر اختر سندھو، پروفیسر اظہرانصر، شاہین ہارون، پروفیسر مریم فقیحا، افتخار انجم، سیدہ روزی رضوی نے ججز کے فرائض سر انجام دیے جبکہ ریجنل ڈائیریکٹر ایچ ای سی لاہور شاہ زیب عباسی، ڈپٹی ڈائیریکٹر بشیر محمد نے ان مقابلوں کی نگرانی کی۔

اُردو زبان میں میں تو شرمندہ ہوں اس دور کا انساں ہو کر، سوشل میڈیا رحمت ہے، مخلوط تعلیم ہی بہترین طریقہ تعلیم ہے، ہم آزاد ہیں، اب ٹوٹ گریں گی زنجیریں اب زندانوں کی خیر نہیں، فتح تلوار سے نہیں للکار سے ملتی ہے، سفارش کے بغیر پاکستان میں کچھ ممکن نہیں، پاکستان کو بیرون ملک امداد کی ضرورت ہے، پاکستان میں آمریت بہترین نظام حکومت ہے، ہم معزز تھے زمانے میں مسلمان ہو کر، آج کا میڈیا ہمیں اسلام سے دور کر رہا ہے، ڈگری کا حصول کامیابی کی ضمانت ہے، انگریزی زبان ر عبور تعلیم یافتہ ہونے کا پیمانہ ہے، جدید ٹیکنالوجی نے ہماری تخلیقی صلاحیت پر قابو پا لیا ہے، ہمارا اخلاقی زوال جاری ہے، موسمیاتی تبدیلی ایک فسانہ ہے، یہ دن تو وہی کل سا دوبارہ نکل آیا کے موضوعات پر تقاریر کی گئیں۔

پنجاب میں پوزیشنز لینے والے طلباء کا مقابلہ اب سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا کے پوزیشن ہولڈرز طلباء کے ساتھ ہوگا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.