ٹی ٹی ایس اساتذہ کی کنفرمیشن کا اختیار یونیورسٹیوں کو سپرد
- February 7, 2022 7:38 pm PST
اسلام آباد، آمنہ مسعود
ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے سرکاری یونیورسٹیوں میں اساتذہ کی بھرتیوں سے متعلق بڑا فیصلہ کیا ہے۔ ٹینور ٹریک سسٹم پر اساتذہ کی بھرتیوں کا مکمل اختیار سرکاری یونیورسٹیوں کو سونپ دیا گیا ہے۔
ایچ ای سی پاکستان کی جانب سے جاری شدہ نوٹیفیکیشن کے مطابق ٹی ٹی ایس پر اساتذہ کی ابتدائی تقرری، پروموشن اور کنفرمیشن کا اختیار یونیورسٹیوں کو سپرد کر دیا گیا ہے۔
یونیورسٹیوں کی سنڈیکیٹ اور سلیکشن بورڈ کو ٹینور ٹریک سسٹم پر اساتذہ کی کنفرمیشن کا اختیار بھی ہوگا
ٹی ٹی ایس اساتذہ کی ہائیر ایجوکیشن کمیشن سے کنفرمیشن کی شرط ختم کر دی گئی ہے۔ یہ فیصلہ ٹی ٹی ایس اساتذہ کی بھرتیوں کیلئے درپیش مسائل کو حل کرنے کیلئے کیا گیا ہے۔
ٹی ٹی ایس اساتذہ کے مسائل کے ازالہ کیلئے ایچ ای سی نے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی یے۔ ایچ ای سی نے واضح کیا ہے کہ یونیورسٹیوں کو ٹینور ٹریک سسٹم کے ضابطوں کے تحت اساتذہ کی بھرتیوں کو یقینی بنانا ہوگا۔
ٹینور ٹریک سسٹم پر خلاف ضابطہ تقرریوں پر یونیورسٹی کے خلاف کارروائی کا اختیار ایچ ای سی کو ہوگا، اور ٹی ٹی ایس اساتذہ اپنی شکایات اس کمیٹی کے سامنے پیش کر سکیں گے۔
ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے یونیورسٹیوں کو ٹی ٹی ایس اساتذہ کی بھرتیوں کا اختیار دینے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔