جی سی یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر ہاوس کیلئے ڈیڑھ کروڑ روپے کا منصوبہ
- October 27, 2020 9:28 pm PST
اکمل سومرو) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر ہاوس کی تعمیر کے لیے ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔ جی سی یونیورسٹی نیو ہاسٹل میں قائم وارڈن ہاوس کو وائس چانسلر کے گھر میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وائس چانسلر ڈاکٹر اصغر زیدی کی ہدایات پر وائس چانسلر ہاوس کی تعمیر کے لیے اخبارات میں اشتہار بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
قومی اخبارات میں یونیورسٹی میں وائس چانسلر ہاوس کی تعمیر کے لیے ایک کروڑ 45 لاکھ 88 ہزار روپے مالیت کا ٹینڈر جاری کیا گیا ہے۔ 17 اکتوبر کو جاری ہونے والے اس ٹینڈر کے مطابق کنسٹرکشن کمپنیاں 3 نومبر تک ٹینڈرز جمع کراسکتی ہیں۔
کنونیئر ڈاکٹر سلطان شاہ کی جانب سے جاری کیے گئے اس اشتہار کے مطابق وائس چانسلر ہاوس کی تعمیر کے لیے مذکورہ ٹینڈر دستاویز دو نومبر کے بعد جاری نہیں کی جائیں گی جبکہ گھر کی تعمیر کا دورانیہ آٹھ مہینے مقرر کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیو ہاسٹل کے وارڈن ہاوس کو وائس چانسلر ہاوس میں تبدیل کیا جائے گا، واضح رہے کہ وائس چانسلر ڈاکٹر اصغر زیدی یونیورسٹی کے ڈے کیئر سنٹر کی دوسری منزل پر رہائش پذیر ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ بجٹ دستاویز میں وائس چانسلر ہاوس کی تعمیر کا منصوبہ شامل نہیں تھا اور اس منصوبے کےلیے بجٹ مختص کرنے کی منظوری سنڈیکیٹ سے حاصل نہیں کی گئی ہے، سنڈیکیٹ سے بجٹ کی منظوری کے بغیر اخبارات میں اشتہارات جاری کرنا خلاف ضابطہ ہے۔