خاتون کے علاج میں غفلت، پرو وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پر فائرنگ
- March 10, 2019 7:19 pm PST

ملتان: نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اعجاز مسعود قاتلانہ حملے میں زخمی ہوگئے ہیں.
پروفیسر ڈاکٹر اعجاز مسعود کی ٹانگ پر دو گولیاں لگی ہیں. تفصیلات کے مطابق وہ اپنے دو دوستوں کے ہمراہ گڑ منڈی سے نہاری کھا کر موٹر سائیکل پر واپس آرہے تھے کہ ایک نامعلوم شخص نے انھیں روکا اور دائیں ٹانگ پر گولی ماری.
ایک گولی لگنے کے بعد جب وہ موٹر سائیکل سے گر گئے تو دوسری گولی بھی اسی ٹانگ پر مار کر ملزم فرار ہوگیا.
ڈاکٹر اعجاز مسعود کو زخمی حالت میں نشتر ہسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں منتقل کیا گیا اور آپریشن کر کے ان کی ٹانگ سے گولیاں نکال دی گئی ہیں. ڈاکٹر اعجاز مسعود شعبہ امراض کینسر کے چیئرمین بھی ہیں.
ہسپتال ذرائع کے مطابق ڈاکٹر احمد اعجاز مسعود کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ لیکن فائر لگنے سے ان کی ٹانگ کی ہڈی ٹوٹ گئی ہے۔
پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ملتان کے صدر مسعود الرؤف ہراج نے واقعے کی پرزور مذمت کی اور اسے حکومت اور سکیورٹی اداروں کی ناکامی قرار دیا۔
ڈاکٹر مسعود الرؤف ہراج نے کہا کہ اگلے دو دن میں اگر سیکورٹی ادارے ملزمان کی گرفتاری میں کامیاب نہ ہوئے تو ڈاکٹرز بھرپور احتجاج کریں گے.
دوسری جانب فائرنگ کرنے والے ملزم نے اپنا وڈیو بیان جاری کر دیا ،ملزم سخی قریشی کے وڈیو بیان کے مطابق بیوی کا علاج ٹھیک نہ کرنے پر ڈاکٹر پر فائرنگ کی،ملزم کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ بس ڈاکٹر کو سبق سکھانا چاہتا تھا اگر جان سے مارنے کا ارادہ ہوتا تو وہ گولی سر پرمارتا۔
ملزم سخی قریشی نے اعتراف کیاکہ اس نے ڈاکٹر کو زخمی اس وجہ سے کیا کہ آئندہ کوئی ڈاکٹر کسی مریض کا غلط علاج نہ کرے ،پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ڈاکٹر اعجاز مسعود کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا جبکہ وزیر اعلیٰ نے بھی واقعہ کا نوٹس لے کر فوری کارروئی کی ہدایت جاری کر دیں ہیں ،،تاہم یہ امر تحقیات کے بعد ہی سامنے آئے گا کہ واقعہ ذاتی رنجش تھی یا پھر ڈاکٹر کے غلط علاج کی وجہ سے ملزم نے انتہائی قدم اٹھایا۔