یو ای ٹی لاہور اور یو ای ٹی ٹیکسلا میں مستقل وائس چانسلرز تعینات
- June 24, 2019 1:28 pm PST
لاہور: محکمہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں ڈاکٹر منصور سرور جب کہ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ٹیکسلا میں ڈاکٹر محمد عنائیت اللہ خان کو مستقل وائس چانسلر تعینات کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں.
مذکورہ جامعات میں مستقل وائس چانسلرز کی تقرری کے احکامات گورنر پنجاب کی منظوری کے بعد جاری کیے گئے ہیں اور سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن کے دفتر میں تحریری احکامات حوالے کیے گئے.
ڈاکٹر منصور سرور پنجاب یونیورسٹی کالج آف انفارمیشن ٹیکنالوجی میں بارہ سال تک پرنسپل کے عہدے پر تعینات رہے ہیں جب کہ وہ قرشی یونیورسٹی لاہور میں بطور وائس چانسلر کام کر رہے تھے.
انھوں نے یو ای ٹی لاہور سے 1981ء میں بی ایس سی الیکڑیکل انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی جب کہ ایم ایس اور پی ایچ ڈی کی ڈگریاں آئیووا سٹیٹ یونیورسٹی امریکا سے حاصل کی ہیں. ڈاکٹر منصور سرور کا تدریسی تجربہ 31 سال پر محیط ہے اور وہ امریکا، کویت میں بھی پروفیسر کے عہدے پر تعینات رہے ہیں.
ڈاکٹر منصور نے 40 سے زائد ریسرچ مقالہ جات شائع کیے ہیں جب کہ وہ کمپیوٹر مضمون کے چھ کتابوں کے منصف ہیں، اُن کی یہ کتابیں امریکا کی 200 سے زائد یونیورسٹیوں اور کالجوں میں پڑھائی جارہی ہیں. اُن کی کتابیں کینیڈا، برطانیہ اور آسٹریلیا کی جامعات میں بھی پڑھاتی جاتی ہیں. ہانگ کانگ، چین، سپین اور میکسیکو میں ان کی کتابوں کے تراجم کیے جا چکے ہیں.
یو ای ٹی ٹیکسلا کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد عنائیت اللہ خان ڈیپارٹمنٹ آف الیکڑیکل انجینئرنگ یو ای ٹی پشاور میں پروفیسر کے عہدے پر تعینات تھے.