بہائو الدین زکریا یونیورسٹی کے نئے وائس چانسلر کا چارج لینے سے انکار

    views 933 September 6, 2019 4:09 pm PST
taleemizavia single page

اسلام آباد: محکمہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے پروفیسر ڈاکٹر ارشد سلیم بھٹی کو گزشتہ روز بہائو الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کا وائس چانسلر تعینات کیا گیا تھا تاہم انھوں نے عہدے کا چارج سنبھالنے سے انکار کر دیا ہے.

ڈاکٹر ارشد سلیم بھٹی نے گورنر پنجاب کے نام اپنے عہدے کا چارج لینے سے معذرت کرنے سے متعلق خط لکھا ہے.

خط کے متن کے مطابق انھوں نے خاندانی وجوہات کی بنیاد پر ملتان میں جانے سے انکار کیا ہے اور گورنر پنجاب سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں دلی طور پر رنج ہے کہ وہ حکومت کی جانب سے میرٹ پر وائس چانسلر تعینات ہونے کے باوجود یہ عہدہ قبول نہیں کر رہے.

ان کا کہنا ہے کہ وہ اسلام آباد سے ملتان نہیں جا سکتے اور وہ یہ عہدہ قبول کرنے کے بعد ایسا ہرگرز نہیں کر سکتے کہ یونیورسٹی کو وقت نہ دیا جائے.

انھوں نے گورنر پنجاب سے کہا ہے کہ انھیں‌ اُمید ہے کہ وہ مستقبل میں‌ کسی اور یونیورسٹی میں وائس چانسلر تعینات ہوجائیں گے.

ڈاکٹر سلیم ارشد بھٹی کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد میں ڈین کے عہدے پر تعینات ہیں. پنجاب میں وائس چانسلرز تقرری کی سرچ کمیٹی کی جانب سے اُمیدواروں کے انٹرویوز کرنے کے بعد ڈاکٹر ارشد سلیم بھٹی کا نام شارٹ لسٹ کیا گیا تھا. وزیر اعلیٰ پنجاب اور گورنر پنجاب کی منظوری کے بعد گزشتہ روز محکمہ نے ان کی تقرری کے احکامات جاری کیے تھے.