پاکستان کے 42 کینٹ بورڈز میں 30 ہزار سکولز ڈی سیل کرنے کا حکم

  • January 5, 2022 12:35 pm PST
taleemizavia single page

اسلام آباد، آمنہ مسعود

سپریم کورٹ نے پاکستان کے کینٹ بورڈز میں سیل کیے گئے پرائیویٹ سکولوں کو ڈی سیل کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں اور کینٹ بورڈز کی انتظامیہ سے جواب طلب کر لیا گیا ہے۔

آج سپریم کورٹ میں 42 کینٹ بورڈز میں پرائیویٹ سکولوں کی بندش پر دائر مقدمہ پر سماعت ہوئی۔ عدالت میں پرائیویٹ سکولوں کے وکیل قلب حسن نے موقف پیش کیا کہ عدالت عظمی نے سکولوں کو موقف سنے بغیر فیصلہ کیا جس سے بورڈز کی حدود میں قائم 30 ہزار پرائیویٹ سکولوں کی بندش سے 37 لاکھ طلباء کا مستقبل داو پر لگ گیا ہے۔

عدالت میں والدین کے وکیل حامد خان نے اپنے دلائل پیش کرتے ہوئے کہا کہ عدالت میں اصل کیس رہائشی پلاٹ پر سکول بنانے کا تھا کیس میں موقف سنے بغیر عدالت نے سخت فیصلہ سنایا۔

سپریم کورٹ میں پیش ہونے والے وکلاء کی استدعا پر عدالت نے سکولوں کو بند کرنے سے روک دیا ہے اور کینٹ بورڈز کی انتظامیہ سے جواب طلب کرتے ہوئے مقدمہ کی سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ عدالتی حکم پر کینٹ بورڈز کی انتظامیہ نے 31 دسمبر 2021ء کو تمام پرائیویٹ سکولز بند کرا دیے تھے جس پر سکولوں کے مالکان، اساتذہ اور طلباء سراپا احتجاج تھے۔

صدر آل پاکستان پرائیویٹ سکولز فیڈریشن کاشف مرزا کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں کو آئین کے آرٹیکل 18 اور 24 کے تحت تحفظ حاصل ہے، کینٹ بورڈز کی حدود میں سکولوں کی بندش سے 4 لاکھ اساتذہ کے بے روزگار ہونے کا اندیشہ تھا۔ انھوں نے سپریم کورٹ کے فیصلہ کا خیر مقدم کیا۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *