جامعہ کراچی میں دھماکہ تین چینی باشندوں سمیت 4 ہلاک

    April 26, 2022 3:31 pm PST
taleemizavia single page

کراچی: ویب رپورٹ

جامعہ کراچی کے اندر وین میں  دھماکا ہوا ہے جس میں 3 چینی باشندوں سمیت 4 افراد ہلاک  اور 3  زخمی ہوگئے ہیں۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکا جامعہ کراچی میں کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کے قریب  وین میں ہوا اور وین کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کی ہی تھی۔

دھماکے کے بعد ریسکیو اور سکیورٹی ادارے جامعہ کراچی پہنچ گئے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں، دھماکے کے بعد وین میں آگ لگ گئی تھی جسے  بجھادیا گیا ہے جب کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کیا گیا ہے، جامعہ کراچی کے تمام داخلی اور خارجی راستے بند کردیےگئے ۔

دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں 3 زخمیوں کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق وین میں 7 سے 8 افراد موجود تھے تاہم وین سے باہر بھی کتنے افراد متاثر ہوئے ہیں اس حوالے سے فوری تصدیق نہیں ہوسکی۔

ذرائع رینجرز کا کہنا ہےکہ  دھماکے میں رینجرز کے 4 اہلکار زخمی ہوئے ہیں، چاروں اہلکار موٹرسائیکل پر وین کی سکیوریٹی پر تعینات تھے، زخمی اہلکاروں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

دھماکا ابتدائی طور پر گیس سلنڈر کا بتایا گیا ہے تاہم پولیس ذرائع کا کہنا ہے وین میں دھماکا خیز مواد نصب کیا گیا تھا۔

ڈی آئی جی ایسٹ مقدس حیدر کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر کچھ نہیں کہہ سکتے، یونیورسٹی میں دھماکا تخریب کاری ہے یا حادثہ تحقیقات کررہے ہیں، بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا ہے۔

 پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کراچی یونیورسٹی میں موجود غیر ملکی زبان سکھانے کے سینٹر سے پڑھا کر واپس آ رہے تھے، ہلاک شدگان وہاں غیر ملکی زبان پڑھاتے تھے۔

ریسکیو ذرائع کا کہنا ہےکہ دھماکےکے نتیجے میں دو غیرملکی خواتین بھی جاں بحق ہوئی ہیں جب کہ دیگر جاں بحق ہونے والے 2 افراد میں ڈرائیور اور سیکورٹی گارڈ شامل ہیں۔

دوسری جانب کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن کا کہنا ہےکہ  امکان ہے دھماکا خود کش تھا،  ابتدائی اطلاعات کے مطابق برقع پوش خاتون ملوث ہوسکتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *