پنجاب کے وائس چانسلرز کو اساتذہ و ملازمین کی بھرتیوں سے روک دیا گیا

    June 28, 2019 7:54 pm PST
taleemizavia single page

لاہور: آمنہ مسعود

محکمہ ہائیر ایجوکیشن پنجاب نے صوبے کی سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز کو مدت ملازمت کے آخری چھ ماہ میں سلیکشن بورڈز کرنے سے روک دیا ہے اور اس ضمن میں باقاعدہ طور پر مراسلہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

محکمہ ہائیر ایجوکیشن کے مطابق جامعات میں بھرتیوں کے حوالے سے کیس/ریفرنس گورنر پنجاب یعنی چانسلر کے پاس دائر کر دیا گیا ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ جامعات میں تعینات قائم مقام وائس چانسلرز کو بھی سلیکشن بورڈز کرنے کی اجازت نہیں ہوگی ایسے تمام بورڈز غیر قانونی قرار تصور ہوں گے۔

جامعات کے وائس چانسلرز اپنا ٹینور ختم ہونے کے آخری چھ مہینوں میں اساتذہ اور ملازمین کی بھرتیاں نہیں کر سکتے۔ محکمہ ہائیر ایجوکیشن نے واضح طور پر ہدایات جاری کی ہیں کہ وائس چانسلرز اپنی مدت ختم ہونے کے قریب شیڈول کیے گئے تمام سلیکشن بورڈز بھی ملتوی کریں۔

محکمہ ہائیر ایجوکیشن کی جانب سے وائس چانسلرز کو ہدایات جاری ہوئی ہیں کہ گورنر پنجاب کی جانب سے واضح احکامات آنے تک مراسلے پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے۔