اوبر ٹیکسی نے ہیلی کاپٹر سروس کا آغاز کر دیا
- July 14, 2019 1:38 pm PST
ویب ڈیسک: آن لائن ٹیکسی سروس اوبر نے امریکی شہر نیویارک میں ہیلی کاپٹر سروس کا آغاز کردیا ہے۔
نیویارک سے شروع ہونے والی ہیلی کاپٹر سروس کی پہلی رائیڈ مین ہٹن سے جان ایف کینیڈی ایئر پورٹ کے لیے بُک کرائی گئی۔ اوبر نے اپنے پلاٹینیم اور ڈائمنڈ صارفین کے لیے شروع کی گئی رائیڈ کا کرایہ 200 سے 225 ڈالرز تک رکھا ہے۔
مین ہٹن سے ہوائی اڈے تک رائیڈ تقریباً 8 منٹ کی ہوگی۔ کمپنی کی جانب سے ایک دن میں آٹھ سے دس رائیڈز صارفین کو مہیا کی جائیں گی۔
اوبر 2023 تک ایئر سروس متعارف کروانے کا خواہش مند بھی ہے جو ہیلی کاپٹر ٹیکسی جیسی ہو گی اور اندورن شہر ہوائی سفر ممکن بنائے گی۔اس سروس سے صارفین کو وقت بے وقت ٹریفک میں پھنسنے سے نجات بھی ملے گی۔
اوبر کے فضائی بیڑے میں جیٹ پاور سے اڑنے والی گاڑیاں، ہیلی کاپٹر، ڈرون اور ایئر کرافٹ شامل ہیں۔ ان گاڑیوں میں لگے متعدد روٹرز انہیں عمودی اڑانا اور لینڈنگ، تیز ترین اور سیدھی سمت میں پرواز کے قابل بناتے ہیں۔
کمپنی نے 2016 میں ایک وائٹ پیپر شائع کیا تھا جس میں اڑنے والی گاڑیوں اور ان کی عمودی اڑان اور اترائی کے بارے میں تذکرہ کیا گیا تھا۔
وائٹ پیپر کے مطابق اس سروس سے آمد و رفت کے ذرائع میں بہت بڑی تبدیلی آئے گی کیونکہ اس سے شہروں میں لوگوں کی آمد و رفت بہتر ہوگی اور وقت بھی کم ضائع ہوگا۔
حکام کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ 2023 میں باضابطہ آغاز سے قبل 2020 میں آسٹریلوی شہر میلبورن، امریکی شہر ڈیلس اور لاس اینجلیس پائلٹ کے بغیر اڑنے والی ٹیکسیوں کا تجربہ کیا جائے گا۔
اوبر کی نئی سروس ملیبورن میں ویسٹ فیلڈ شاپنگ سینٹر سے ایئرپورٹ تک چلائی جائے گی اور کار پر 25 میں منٹ میں طے ہونے والا 19 کلومیٹر کا فاصلہ 10 منٹ میں طے ہوگا۔ نئی سروس استعمال کرنے کے لیے بھی موجودہ ایپ ہی استعمال ہوگی۔