سام سنگ کا نیا فون پانی کے تجربے میں ناکام
- August 21, 2016 4:07 pm PST
سام سنگ کا حال ہی میں فروخت کے لیے پیش کیا جانے والا موبائل فون گلیکسی ایس7 ایکٹو پانی میں گرنے کے باوجود محفوظ رہنے کے تجربے میں ناکام رہا ہے۔
یہ تجربہ مصنوعات کا جائزہ لینے والی ایک بڑی ویب سائٹ کنزیومر رپورٹس کی جانب سے کیا گیا۔
سام سنگ نے اپنے نئے سمارٹ فون گلیکسی ایس 7 ایکٹو کی تشہیر یہ کہہ کر کی تھی کہ یہ پانی میں محفوظ رہتا ہے۔
جب اس فون کو پانی کے ایک ٹینک میں ڈالا گیا تو اس نے کام کرنا چھوڑ دیا۔
آدھے گھنٹے بعد جب موبائل فون کو پانی سے باہر نکالا گیا تو پہلے فون کا ڈسپلے صحیح کام نہیں کر رہا تھا اور اس پر سبز لائنیں ظاہر ہوگئی تھیں۔ اس کے علاوہ کیمرے کے لینز پر بھی بلبلے آ گئے تھے۔
کنزیومر رپورٹس نامی ویب سائٹ نے اس تجربے کو ایک اور موبائل سیٹ پر دوہرایا تو اس میں بھی ایسی ہی خرابیاں سامنے آئیں۔
سام سنگ کا کہنا ہے کہ ’ممکنہ طور پر یہ وہ موبائل فون ہوں گے جن میں نقص ہوگا اور اتنے واٹر ٹائٹ نہیں ہوں گے جتنا کہ انھیں ہونا چاہیے تھا۔
سام سنگ کی ویب سائٹ پر گیلکسی ایس7 ایکٹو کے بارے میں لکھا گیا ہے کہ یہ IP68 تصدیق شدہ فون ہے۔
انٹرنیشنل پروٹیکشن کی جو ریٹنگ اس فون کو ملی ہے اس کے مطابق ’اس موبائل فون کو مسلسل پانی میں رکھا جا سکتا ہے۔
خیال رہے کہ کنزیومر رپورٹس نے ہی چھ سال قبل آئی فون 4 میں اینٹینا کے مسئلے کے بارے میں بتایا تھا جسے بعد میں ایپل نے تسلیم کیا تھا۔