کسان پیکج کے تحت 50 لاکھ کسانوں کو سمارٹ فون کی فراہمی
- September 5, 2016 8:40 pm PST
لاہور
پنجاب حکومت ان سمارٹ فونز کی تقسیم کا آغاز رواں سال اکتوبر میں کرے گی۔حکومت کسان پیکج کے تحت یہ سمارٹ فونز کسانوں کو مفت فراہم کرنے جارہی ہے۔
سمارٹ فون میں پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی وضع کردہ ایپلی کیشن کو انسٹال کیا جائے گا۔ یہ ایپلی کیشن اُردو زبان میں ہوگی۔
کسان سمارٹ فون کے ذریعے فصلوں کی بہتر کاشت کا طریقہ، برداشت و زیادہ پیداوار کے مفت مشورے بھی حاصل کر سکیں گے۔
کسانوں کو اب سمارٹ فون کے ذریعے موسم کی صورتحال، فصلوں کی بیماریوں ان کے علاج اور کھاد و ادویات کے بروقت استعمال بارے الرٹ بھی موصول ہوں گے۔
اس سمارٹ فون میں ماہرین زراعت کی فہرست بھی شامل ہوگی جن سے کسان بلامعاوضہ رابط کر کے مشورہ لے سکتے ہیں۔
پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر عمر سیف کہتے ہیں کہ حکومت سالانہ سو ارب روپے کسانوں کو بلا سود قرضوں کی تقسیم کرے گی۔
ان قرضوں کی تقسیم سمارٹ فون کے ذریعے ہوگی۔ سمارٹ فون کے استعمال کے بعد قرضوں کی فراہمی میں بینک ایجنٹ اور پٹواری کا کردار بھی ختم ہونے کی توقع کی جارہی ہے۔
یہ منصوبہ پانچ سال کے عرصے پر محیط ہے۔ جس میں پہلے سال پانچ لاکھ کسانوں کو حکومت سمارٹ فون مہیا کرے گی۔
پنجاب حکومت نے سمارٹ فون کی فراہمی کے لیے تاحال کسی موبائل کمپنی کے ساتھ معائدہ نہیں کیا۔
ماہرین زراعت کے مطابق ان سمارٹ فونز کا استعمال کسانوں کے لیے بڑا چیلنج ہوگا حکومت نے تاحال سمارٹ فون کے استعمال سیکھانے کے لیے کوئی ٹریننگ پروگرام بھی وضع نہیں کیا۔