غذائیت میں اضافے کیلئے آٹے میں فولک ایسڈ شامل کرنیکی سفارش

  • February 9, 2018 9:46 pm PST
taleemizavia single page

ویب ڈیسک

برطانیہ میں حکومت سے ایک بار پھر مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ آٹے میں فولک ایسڈ شامل کرے تا کہ بچوں کو پیدائشی نقائص سے بچایا جا سکے۔ ایک نئے مطالعے سے یہ نتیجہ اخذ کیا گیا ہے کہ وٹامن بی کی زیادہ خوراک سے پیدائش سے قبل بچوں میں سپائنا بیفائڈا (ایک نُقص جس میں حرام مغز یا سپائنل کورڈ کو محفوظ رکھنے والی جھلی مکمل نہیں ہوتی) سے بچنے میں مدد ملتی ہے اور عام لوگوں کو اس سے کوئی نقصان نہیں ہوتا۔

دنیا کے 80 سے زائد ممالک میں آٹے میں فولک ایسڈ شامل کیا جاتا ہے تاہم برطانیہ میں یہ عمل روک دیا گیا تھا۔

کئی حاملہ خواتین کو فولک ایسڈ کی گولیاں کھانے کا مشورہ دیا جاتا ہے تاہم بیشتر نہیں کھاتیں۔ ماہرین کے مطابق اس سے بہتر غذائیت کی ڈھال مل جاتی ہے۔ آٹے کی غذائیت میں اضافے کی اس تجویز کو ویلز، سکاٹ لینڈ اور شمالی آئرلینڈ کے وزراء صحت کی حمایت حاصل ہے تاہم انگلینڈ میں اس کی توثیق نہیں کی گئی۔

پبلک ہیلتھ ریویوز میں شائع ہونے والی نئی تحقیق کے مطابق فولک ایسڈ کی مقدار ایک ملی گرام تک محدود کرنے کے شواہد میں نقائص ہیں اور یہ پرانے ہیں۔

نئے جائزوں کے مطابق فولک ایسڈ کی زیادہ مقدار اور صحت کو پہنچنے والی کسی نقصان میں کوئی ربط سامنے نہیں آیا۔ تاہم کچھ کا کہنا ہے کہ اس بات کے بھی کوئی ثبوت نہیں ملے کہ فولک ایسڈ کو شامل کر کے غذائیت میں اضافہ کرنا بھی مکمل محفوظ ہے۔ علم الادویہ کے ماہر پروفیسر ڈیوڈ سمتھ کا کہنا تھا کہ ’یہ معاملہ ابھی حل نہیں ہوا۔‘

کنگس کالج لندن میں ماہر غذائیت پروفیسر ٹام سینڈرز کا کہنا تھا کہ عصبی نالی کے نقائص سے بچنے کے لیے فولک ایسڈ کی غذائی تقویت کے حق میں کافی اچھے شواہد ملے ہیں۔

حمل کا تحفظ

عصبی نالی میں نقص سے بچوں میں دماغی، ریڑھ کی ہڈی اور حرام مغز کی نشوو نما میں مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ برطانیہ میں ہر ایک ہزار میں سے ایک حمل اس سے متاثر ہو تا ہے۔

محققین کا کہنا ہے کہ آٹے میں فولک ایسڈ شامل کرنے پر خرچ نہ ہونے کے برابر آئے گا۔
برطانیہ میں 1998 کے ضوابط کے مطابق سفید آٹے میں پہلے ہی کیلشیم اور کچھ وٹامنز کی اضافی غذائیت شامل کی جاتی ہے جس میں ایک ٹن پر 71 پینس لاگت آتی ہے۔
تحقیق میں شامل پروفیسر نکولس والڈ کا کہنا تھا کہ ’فولک ایسڈ سے غذائیت میں اضافہ ایک بڑی بچت ہوگی۔‘
’آٹے میں فولک ایسڈ شامل نہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ کے پاس پولیو کی ویکسین ہے لیکن آپ اسے استعمال نہیں کر رہے۔‘

امریکہ میں فولک ایسڈ شامل کیے جانے کی پالیسی کے بعد 1998 سے اب تک عصبی نالی میں نقص کے کیسز میں 23 فیصد کمی آئی ہے۔
قدرتی طور پر فولک ایسڈ گہرے سبز رنگ کے پتوں والی سبزیوں میں ہوتا ہے لیکن ماہرین کے مطابق تین چوتھائی برطانوی خواتین اس کی مطلوبہ مقدار نہیں لیتیں۔
یہ کچھ ناشتے کے سیریئلز میں شامل ہوتا ہے اور حاملہ خواتین کے لیے اسے صرف خوراک سے ہی حاصل کرنا مشکل ہوتا ہے۔

فولک ایسڈ کے اچھے ذرائع

پالک، کیل، برسلز سپراؤٹ (بند گوبھی کی شکل کی ایک سبزی)، اور بروکلی

پھلیاں اور دالیں (مٹر، بلیک آئیڈ بینز)

خمیر اور گائے کے گوشت کے عرق

مالٹا اور مالٹے کے رس

آٹے کا بھوسہ اور اناج

مرغ، جگر اور شیل فش

غذائی تقویت والی خوراک (بعض ناشتے کے سیریئل، لیبل دیکھ کر خریدیں‘


بشکریہ بی بی سی

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *