فیس بُک نے اشتہارات کنٹرول کرنے کا اختیار صارفین کو دے دیا
- April 1, 2019 8:52 pm PST
کیلی فورنیا: فیس بک کے نئے فیچر کی مدد سے صارفین نیوز فیڈ کو اپنی پسند اور رجحان کے مطابق ڈھال سکتے ہیں۔
فیس بک جہاں اپنوں سے رابطوں اور تفریح کا ایک سامان ہے وہیں ناپسندیدہ مواد کی بھرمار اسے کوفت میں تبدیل کر دیتی ہے اور کبھی کبھی تو ایسی نازیبا تصاویر، ویڈیوز اور پوسٹیں سامنے آجاتی ہیں جو کوفت کے ساتھ ساتھ شرمندگی کا سبب بھی بن جاتی ہیں۔
فیس بک نے اپنے صارفین کو اس مصیبت سے نجات دلانے کے لیے گزشتہ برس ایک نیا فیچر متعارف کرایا تھا جس کے ذریعے صارفین اپنے ہوم پیج یا نیوز فیڈ میں صرف ایسا مواد دیکھ سکیں گے جو ان کی پسند اور رجحان سے مطابقت بھی رکھتا ہو۔
فیس بک نے اس فیچر کو ? Why am I seeing this post ( مجھے یہ پوسٹ کیوں نظر آرہی ہے) کا نام دیا تھا، تاہم صارفین کے ناپسندیدہ مواد پر مزید کنٹرول حاصل کرنے کی خواہش کا خیر مقدم کرتے ہوئے فیس بک نے اس ٹول کو مزید کار آمد بنا دیا ہے۔
اس فیچر پر کلک کر کے آپ جان سکتے ہیں کہ یہ ناپسندیدہ مواد آپ کی نیوز فیڈ میں کیوں موجود ہے اور فیس بک نا صرف آپ کو اس کی وجہ سے آگاہ کرے گا بلکہ اس کے سدباب کے لیے اقدامات بھی تجویز کرے گا اور آپ کی پروفائل سے مطابقت رکھنے والے اشتہارات کی فہرست بھی دے گا جس میں آپ تبدیلی کرسکتے ہیں۔
اس فیچر کے ذریعے آپ اشتہارات کی بھرمار سے بھی جان چھڑا سکتے ہیں، بس صارفین کو اشتہارات کے حوالے سے اپنی پسندیدگی کو تبدیل کرنا ہوگا اور سیٹنگ کے آپشن میں معمولی تبدیلی کرنی ہوگی اور اس کے لیے فیس بک آپ کی مدد کو موجود ہوگا۔
تو صارفین آج ہی سے کوئی بھی ناپسندیدہ پوسٹ یا غیر ضرورری اشتہار دیکھیں تو Why am I seeing this post کے ٹول پر کلک کریں اور نئی تبدیلیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے فیس بک کو اپنی پسند اور رجحان کے قالب میں ڈھال کر کوفت اور شرمندگی کا باعث بننے والی پوسٹوں اور اشتہارات سے نجات حاصل کرلیں۔