ایپل کا کوالکوم کمپنی پر ایک ارب ڈالرز کا ہرجانہ
- January 21, 2017 11:20 pm PST
ویب ڈیسک
موبائل فونز بنانے والی معروف کمپنی ایپل نے سیمی کنڈکٹرز اور موبائل فونز کے لیے پروسیسرز تیار کرنے والی امریکی کمپنی کوالکوم پر ایک ارب ڈالر ہرجانے کا مقدمہ کردیا۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق چند روز قبل امریکی حکومت نے چِپ بنانے والی کمپنی کوالکوم پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ اس شعبے میں اپنی اجارہ داری قائم رکھنے کے لیے مسابقت مخالف حکمت عملیاں اپنائی ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ کوالکوم ایپل اور سام سنگ کو جدید ترین چپس فراہم کرتی ہے جو موبائل فونز کو وائرلیس نیٹ ورک سے منسلک ہونے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
حالیہ مالی سال کے دوران کوالکوم کی آمدنی 23.5 ارب ڈالر رہی اور اس میں ان دونوں کمپنیوں کا حصہ تقریباً 40 فیصد تھا۔
ایپل کی جانب سے کیلی فورنیا کے جنوبی ضلع کی ضلعی عدالت میں مقدمہ دائر کیا گیا ہے جس کے مطابق کوالکوم پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہ منگی چپس فروخت کررہی ہے اور طے شدہ 1 ارب ڈالر کی ادائیگی سے بھی گریزاں ہے۔
دوسری جانب کوالکوم کے وکیل ڈان روزین برگ نے ایپل کی جانب سے عائد کیے جانے والے الزامات کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔
ایپل نے اپنی درخواست میں یہ بھی الزام لگایا ہے کہ کوالکوم دیگر مینوفیکچررز کو لائسنس جاری کرنے سے انکار کررہی ہے تاکہ دیگر کمپنیاں چپس نہ بناسکیں اور اس کی اجارہ داری قائم رہے۔
بشکریہ ڈان