پنجاب یونیورسٹی: بی ایس آنرز میں داخلوں کیلئے 7 شعبوں میں انٹری ٹیسٹ
- July 11, 2017 1:30 pm PST
لاہور
پنجاب یونیورسٹی میں داخلوں کیلئے سات شعبہ جات میں انٹری ٹیسٹ کا انعقاد،،، انٹری ٹیسٹ میں شرکت کرنے کے لیے طلباء 24 جولائی تک فارم جمع کرا سکتے ہیں۔
پنجاب یونیورسٹی میں داخلوں کیلئے انٹری ٹیسٹ میں شرکت کیلئے داخلہ فارم ملنا شروع ہوگئے ہیں۔ یونیورسٹی کے 70 سے زائد شعبہ جات میں سے صرف سات شعبہ جات کی جانب سے بی ایس آنرز میں داخلوں کیلئے انٹری ٹیسٹ لیا جارہا ہے۔
پنجاب یونیورسٹی کالج آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن، ہیلے کالج آف کامرس، ہیلے کالج آف بینکنگ اینڈ فنانس، لاء کالج میں داخلوں کیلئے انٹری ٹیسٹ لیے جارہے ہیں۔
پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ مائیکروبائیولوجی اینڈ مالیکیولر جینیٹیکس اور انسٹی ٹیوٹ آف بزنس ایڈمنسٹریشن میں داخلے کے لیے انٹری ٹیسٹ ہوگا۔
طلباء کو ہدایات کی گئی ہیں کہ وہ مذکورہ شعبہ جات میں بی ایس آنرز میں داخلے کے لیے لازمی طور پر ٹیسٹ میں شرکت کریں۔
انٹری ٹیسٹ فارم متعلقہ ڈیپارٹمنٹس سے حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ پنجاب یونیورسٹی کے باقی تمام شعبہ جات میں داخلے اوپن میرٹ کی بنیاد پر ہوں گے۔ انٹری ٹیسٹ فارم جمع کرانے کی آخری تاریخ 24 جولائی مقرر کی گئی ہے۔