انڈین شہری بال کرشنا دوشی نے ’تعمیرات کا نوبیل انعام‘ جیت لیا
- March 9, 2018 2:38 pm PST
بی بی سی
نوے سالہ انڈین ماہرِ تعمیرات بال کرشنا دوشی نے اس سال کا پروقار پرٹزکر پرائز جیت لیا ہے۔ یہ اعزاز انھیں کم آمدن کے مکانات ڈیزائن کرنے کی وجہ سے دیا گیا۔
یہ تعمیرات کی دنیا کا سب سے بڑا ایوارڈ ہے اور دوشی اسے جیتنے والے پہلے انڈین ہیں۔
دوشی ممبئی میں ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد 1950 کی دہائی میں پیرس چلے گئے تھے جہاں انھوں نے لے کوربسے کمپنی کے لیے کام کیا۔
انھیں ایک لاکھ ڈالر مالیت والا یہ انعام کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں مئی میں ایک تقریب میں دیا جائے گا۔ پرٹزکر جیوری نے کہا: ‘بال کرشنا دوشی نے ہمیشہ ایسی عمارتیں ڈیزائن کی ہیں جو سنجیدہ ہوتی ہیں، بہت نمائشی نہیں ہوتیں اور نہ ہی ٹرینڈز کی نقالی ہوتی ہیں۔’
جیوری نے مزید کہا: ‘اچھی تعمیر ماحول، جگہ، تکنیک، فن اور وسیع تناظر میں سیاق و سباق کو بھی مدِ نظر رکھتی ہے۔’
دوشی نے جیوری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ‘میرا کام میری زندگی، فلسفے اور خوابوں کی توسیع ہے کہ میں تعمیراتی روح کا خزانہ تعمیر کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔ ‘میرے گرد ہر چیز، خود فطرت – روشنیاں، آسمان، پانی اور طوفان – ہر چیز ہم آہنگ ہے۔’
انڈین وزیرِ اعظم نریندر مودی نے دوشی کو مبارک باد پیش کی ہے۔
دوشی نے مختلف قسم کی عمارتیں تخلیق کی ہیں جن میں اداروں کی عمارتیں، رہائشی عمارتیں، گیلریاں اور نجی رہائش گاہیں شامل ہیں۔ انھوں نے اندور میں ساڑھے چھ ہزار کم قیمت مکانات تعمیر کیے جن میں 80 ہزار لوگ مقیم ہیں۔