شہر کی شناخت فن و ثقافت سے ہوتی ہے، میئر لندن صادق خان
- December 9, 2017 8:40 pm PST
رپورٹ
پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے لندن کے میئر صادق خان جمعے کی صبح لاہور سے وفد کے ہمراہ کراچی پہنچے اور بانی پاکستان محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دی۔ حکومت پاکستان کی جانب سے صادق خان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صادق خان کا کہنا تھا کہ انہیں پاکستانی نژاد ہونے پر فخر ہے لیکن میرا گھر لندن ہے جہاں لوگ تعلیم بھی حاصل کر سکتے ہیں اور کاروبار بھی۔ صادق خان کا کہنا تھا کہ لندن میں مذہبی آزادی ہے، ہندو، سکھ، مسلم اور ہر رنگ ونسل کے لوگ رہتے ہیں، ہمیں سب سے تعلقات اچھے ہونے پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم، کاروبار اور سیاحت کے لیے لندن آپ کو خوش آمدید کہتا ہے، ’’ہمیں آئندہ برسوں کے لیے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘
میئر لاہور کے ہمراہ صادق خان نے تاریخی عمارتوں کا دورہ بھی کیا اور اس حوالے سے اُنہیں خصوصی طور پر بریفنگ بھی دی گئی۔ اس کے بعد صادق خان نے کراچی میں حبیب یونیورسٹی کا بھی دورہ کیا، جہاں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ فن و ثقافت کسی بھی شہر کا ڈی این اے ہوتا ہے، جس سے اس کی شناخت ہوتی ہے۔ کراچی اس حوالے سے یہ بہت بات اہم ہے کہ یہاں مذہبی ہم آہنگی بھی ہے اور مختلف ثقافتیں بھی اور مختلف زبانیں بولنے والے لوگ بھی یہاں بڑی تعداد میں رہتے ہیں۔
طلبہ کے ساتھ کیو اینڈ اے سیشن کے دوران صادق خان کا کہنا تھا کہ جو شہر جغرافیائی لحاظ سے وسعت پا رہا ہو اور لوگ وہاں روزگار کی تلاش میں آرہے ہوں تو اس کی اہمیت بہت زیادہ ہوتی ہے اور اس لحاظ سے مجھے کراچی بہت پسند ہے۔
صادق خان نے کہا کہ رواں برس لندن میں تیزاب حملوں کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور ان کی روک تھام کے لئے نہ صرف حکومتی بلکہ سماجی سطح پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی نمائندوں کو عوام کے ساتھ صحت، تعلیم اور سماجی معاملات سمیت تمام مسائل پر بات کرنی چاہیے۔ انہوں نے طلبہ و طالبات کو عملی زندگی میں سیاست کی جانب راغب ہونے کا مشورہ بھی دیا۔
میئر لندن کے لئے اپنی انتخابی مہم کا ذکر کرتے ہوئے صادق خان نے کہا کہ مہم کے دوران میرے مخالفین مجھے ذاتی تنقید کا نشانہ بناتے تھے مگر میری نظر اپنے ہدف پر تھی۔ مجھے لندن کی تاریخ میں سب سے زیادہ لوگوں نے ووٹ دے کر منتخب کیا ہے اور ہر طبقے کے لوگوں نے ووٹ دیے۔
انہوں نے اپنی گفتگو میں بانی پاکستان محمد علی جناح کے اقوال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ بہت عظیم لیڈر تھے اور میں ان سے بہت متاثر ہوں۔