قراقرم یونیورسٹی؛ وائس چانسلرکیلئے پی ایچ ڈی کی شرط ختم
- January 29, 2018 1:04 pm PST
اسلام آباد
قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی گلگت بلتستان میں مستقل وائس چانسلر کی تقرری کے لیے جاری ہونے والے اشتہار میں پی ایچ ڈی کی لازمی شرط کو ختم کر دیا گیا ہے۔ وائس چانسلر کے اُمیدواروں کو ہدایات کی گئی ہیں کہ وہ 27 فروری تک درخواستیں جمع کرا دیں۔
وائس چانسلر سرچ کمیٹی کے کنونیئر کی جانب سے جاری کیے گئے اخباری اشتہار کے مطابق فیڈرل یونیورسٹی آرڈیننس 2002ء کے تحت وائس چانسلر کی تقرری کی جائے گی، 4 سال کی مدت کیلئے وائس چانسلر کی تقرری کی جائے گی۔
وائس چانسلر کے عہدے کے لیے پروفیسرز، سول سوسائٹی، پروفیشنلز اور سکالرز کو بھی اہل قرار دیا گیا ہے اور یہ افراد بھی اس عہدے کے لیے درخواست جمع کراسکتے ہیں۔
سرچ کمیٹی نے وائس چانسلر کے عہدے کے لیے ریسرچ پیپرز کی مطلوبہ شرط کو بھی ختم کر دیا ہے جبکہ عمر کی حد 65 سال مقرر کی گئی ہے۔ مزید تفصیلات یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر جاری کر دی گئی ہیں۔
سرکاری اداروں میں ملازم کرنے والے اُمیدواروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ادارے کے سربراہ کی اجازت سے درخواست جمع کرائیں۔